ملک کا جوہری پروگرام انتہائی محفوظ ہاتھوں میں ہے،جنرل راحیل
ویب ڈیسک:
راول پنڈی : آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ جوہری پروگرام دفاع وطن میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے، ملک کا جوہری پروگرام انتہائی محفوظ ہاتھوں میں ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے جمعہ کے روز اسٹریٹیجک کمانڈ فورس کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان کا جوہری پروگرام دفاع وطن کے لئے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
اسٹریٹیجک کمانڈ فورس کے ہیڈ کوارٹرز کے دورے کے موقع پر فورس کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل عبیدالله خٹک نے بریفنگ دی۔ اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دفاع وطن کے لئے جوہری اثاثوں کو ہر حال میں برقرار رکھیں گے، ایٹمی پروگرام انتہائی محفوظ ہے۔
انہوں نے کہا جوہری اثاثوں کی حفاطت پر مامور جوان اہم قومی فریضہ سرانجام دے رہے ہیں۔ آرمی چیف نے مزید کہا کہ ہم کم سے کم جوہری صلاحیت برقرار رکھیں گے۔ آرمی چیف نے جوانوں کی تربیت کے معیار اور بلند مورال کو بھی سراہا۔ سماء