ایف سی کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، آرمی چیف جنرل راحیل شریف
اسٹاف رپورٹ
راولپنڈی : آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ایف سی کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، فوج پوری قوم کی حمایت سے دہشت گردی سمیت ہر طرح کے اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ایف سی ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ کیا، افسروں اور جوانوں سے خطاب میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف ایف سی کی قربانیوں کی معترف ہے، ایف سی نے بہت سے علاقوں سے دہشت گردوں کا بہادری سے خاتمہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یقین دلاتا ہوں کہ آپ کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، مسلح افواج دہشت گردی کے خاتمے اور بیرونی خطرات سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت چوکس ہیں اور ان خطرات کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔
آرمی چیف نے دہشت گردی کے خاتمے کی مہم میں مقامی لوگوں کی جانب سے بھرپور تعاون کی بھی تعریف کی، پشاور پہنچنے پر جنرل راحیل شریف کا کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل خالد ربانی اور انسپکٹر جنرل ایف سی خیبرپختونخوا میجر جنرل غیور محمود نے استقبال کیا۔ سماء