کینسر سے لڑنے والی ماں کا بیٹی کے نام آخری خط
اچھی اورخوشگوار زندگی جینا ہرایک کی خواہش ہوتی ہے ۔ اس دنیا سے جانا بھی سب نے ہی ہوتا ہے لیکن کم لوگ ہوتے ہیں جواس حقیقت کو خشدلی سے قبول کرتے ہوئے شدید بیماری میں بھی ہمت اور حوصلہ نہ ہاریں۔ حنہ نامی ایک امریکی لڑکی نے کینسر سے لڑنے والی ماں کا مرنے سے قبل لکھا گیا خط سوشل میڈیا پر شیئر کیا جو تیزی سے وائرل ہورہا ہے۔
امریکی ریاست انڈیانا کی رہائشی حنہ سمرس نامی اس لڑکی کی ماں پیگی سمرس گردے کے کینسر سے لڑتے ہوئے زندگی کی جنگ ہار گئیں۔ مرنے سے قبل پیگی نے اپنی بیٹی کے نام ایک خط لکھا جو لاکھوں لوگ پڑھ چکے ہیں۔ 18 سالہ بیٹی کے لیے ماں کے جذبات اور نصیحتوں نے سب کی آنکھیں نم کردیں۔
مرنے سے پہلے لکھے جانے والے اس خط میں بیٹی کے لیے اسکول اور دیگر امور زندگی سے متعلق مفید مشورے دیے گئے ہیں۔ پیگی نے لکھا، حنہ اگر تم یہ خط پڑھ رہی ہو تو اس کا مطلب ہے کہ میری سرجری کامیاب نہیں رہی، مجھے افسوس ہے کیونکہ میں نے اس موذی مرض کو ہرانے کی بہت کوشش کی لیکن ممکن ہے خدا نے میرے لیے کوئی دوسرا کام منتخب کر رکھا ہے۔
تمہارے والد کے لیے یہ ایک مشکل وقت ہے جس سے نکلنے میں انہیں ٹائم لگے گا۔ آپ دونوں کو ایک دوسرے پراعتباراورخوب باتیں کرنے کی ضرورت ہے۔ باتیں کرنا ہماری خاصیت نہیں لیکن تم نے کوشش جاری رکھنی ہے اور ہمت نہیں ہارنی۔
حنہ کی ماں نے مزید لکھا کہ جس قدد ممکن ہو تم لوگوں کو بتاؤ کہ تم ان سے محبت کرتی ہو، اپنی زندگی کو انجوائے کرو اور ہر دن کو ایسا گزارو جیسے کہ وہ تمہارا آخری دن ہو، کیونکہ ہم میں سے کوئی نہیں جانتا کہ یہ ہمارا آخری دن ہے۔ سب سے بھ کریہ کہ تم کبھی نہیں جان پاؤ گی کہ میں تمہیں کتنا چاہتی ہوں۔
حنہ کا اپنی ماں کے خط سے متعلق کہنا ہے کہ ماں کے انتقال کے بعد اسی رات یہ خط پڑھا، میرے لیے یہ سب بہت مشکل تھا لیکن اس سے مجھے سکون بھی ملا۔ اس خط سے مجھے یہ سمجھنے میں مدد ملی کہ مشکل سے مشکل حالات میں بھی ماں ہمارے ساتھ ہے۔

حنہ کے مطابق میں یہ خط سوشل میڈیا پر پوسٹ نہیں کرنا چاہتی تھی لیکن جتنی بار اسے پڑھا مجھے خیال آیا کہ یہ خط پوسٹ کرنا چاہیئے۔
mom appreciation post because she's my best friend & I miss her being happy and healthy. I know God has a plan but sometimes it's so hard to understand what He has in store. #peggystrong ? pic.twitter.com/EnknGYigqr
— hannah summers (@_hannahsummers) October 5, 2017
شیئرنگ کے بعد سوشل میڈیا پر ایک لاکھ سے زائد افراد اس خط کو شیئر کر چکے ہیں۔ سماء