راول پنڈی، واہ گارڈن کے قریب خود کش حملہ آور نے خود کو اڑا لیا
ویب ایڈیٹر :
راول پنڈی : واہ کینٹ میں واقع واہ گارڈ ن کے قریب خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، حملہ آور پشاور سے بذریعہ بس راول پنڈی پہنچا تھا، جس کے ہاتھ میں ہینڈ گرینڈ تھا۔
پولیس کے مطابق واہ کینٹ میں واقع واہ گارڈن کے قریب خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، حملہ آور پشاور سے بذریعہ بس راول پنڈی آ رہا تھا، پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور کے پاس کوئی خودکش جیکٹ نہیں تھی، تاہم اس کے ہاتھ میں ہینڈ گرینڈ تھا، جس سے اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ حملہ آور پشاور کے مین بس اڈے سے بس میں سوار ہوا، بس پشاور سے راول پنڈی آ رہی تھی، راستے میں بس کی کوئی تلاشی نہیں لی گئی، تاہم راول پنڈی کے قریب پہنچنے پر مسافروں کی جانب سے بس میں بم کی اطلاع دی گئی، جس کے بعد بس کی تلاشی کا عمل شروع ہوا، عینی شاہدین نے حملہ آور کے ہاتھ میں ہینڈ گرینڈ کی اطلاع دی، جس پر پولیس اہل کاروں نے اسے تلاشی کا کہا۔
پولیس کے مطابق حملہ آور تلاشی سے انکار کرتا رہا اور مستقل مسافر بس کو بم سے اڑنے کی دھمکی دیتا رہا، اس موقع پر اعلیٰ حکام بھی موقع پر پہنچ گئے، جس کے بعد حملہ آور بس سے اتر کر دور چلا گیا اور اپنے آپ کو بم سے اڑا لیا، دھماکے کے بعد سیکیورٹی اہل کاروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکھٹے کرنا شروع کردیئے۔ حساس اداروں کے مطابق بس سے حملہ آور کی کوئی شناختی دستاویز یا سامان برآمد نہیں ہوا۔ حملہ آور کی عمر بیس سے پچیس سال تھی۔ دھماکے میں مسافر اور پولیس اہل کار محفوظ رہے، تاہم دھماکے کی شدت سے قریب کھڑی گاڑیوں اور بس کے شیشے ٹوٹ گئے۔ حملہ آور کی تلاش کے ٹکڑوں کو ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے بھیجوا دیا گیا ہے۔ سماء