پاناما لیکس میں سب کا احتساب؟عدالت نے درخواست خارج کردی
لاہور:ہائی کورٹ نے پاناما لیکس میں شامل تمام افراد کے احتساب کی درخواست ناقابل سماعت قراردے کرمسترد کردی۔
لاہور ہائی کورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے مقامی شہری محمد الیاس کی درخواست پر فیصلہ سنایا۔۔ اپیل میں وزیراعظم، سپیکر قومی اسمبلی اور چیف الیکشن کمشنر کو فریق بنایا گیا تھا۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ پاناما لیکس میں تین سو سے زائد افراد کا نام آیا لیکن احتساب صرف شریف خاندان کا کیا جا رہا ہے۔ صرف شریف خاندان کا احتساب کرنا اور دیگر کو نظر انداز کرنا آئین اور قانون کی خلاف ورزی ہے۔
درخواست میں چیئرمین نیب کی تعنیاتی پر بھی اعتراضات اٹھائے گئے اور جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی تقرری کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی۔ اپیل میں یہ اعتراض بھی اٹھایا گیا کہ سنگل بنچ نے حقائق کے برعکس فیصلہ دیا اس لیے پانامہ لیکس میں شامل تمام افراد کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جائے۔
جسٹس عائشہ اے ملک کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے پاناما لیکس میں شامل تمام افراد کے احتساب کی درخواست ناقابل سماعت قراردے کرمسترد کردی۔ سماء