ایسے جوڑے جو آپ کی پہنچ سے دور
لا اینجلس : کچھ لباس پہننے اور کچھ صرف دیکھنے کیلئے ہی ہوتے ہیں، وجہ یہ کہ وہ اتنے مہنگے ہوتے ہیں کہ آپ تصور میں ہی انہیں پہن سکتی ہیں۔ خوبصورت اور دلکش لباس خواتین کی کمزوری ہوتے ہیں۔ جو ایک دفع انکھوں کو بھا جائے بس اسے ہی خریدنے کا دل چاہتا ہے، چاہئے وہ کتنا ہی منہگا کیوں نہ ہو، تاہم بڑے لوگوں کے لباس مہنگے نہ بھی ہوں تو انہیں زیب تن کرنے سے وہ مہنگے بن جاتے ہیں۔
ہم آپ کو چند ایسے ہی دنیا کے مہنگے ترین لباس کے بارے میں بتا رہے ہیں، جنہیں دنیا کے قیمتی لباس میں شمار کیا جاتا ہے۔

کیٹ میڈلٹن کا عروسی جوڑا
ڈچز آف کیمبرج شہزادی کیٹ میڈلٹن نے اپنی شادی پر جو سفید لباس پہنا تھا اس کو الیگزینڈر میک کوئین کی ہیڈ ڈیزائنر سارہ برٹن نے تیار کیا تھا۔ اس لباس پر اُس وقت ڈھائی لاکھ پاؤنڈ کا خرچہ آیا تھا جو کہ چار لاکھ ڈالر کے برابر رقم بنتی ہے۔ یاد رہے کہ برطانوی شہزادے ولیم نے کیٹ سے شادی دو ہزار گیارہ میں کی تھی۔
شہزادی لیڈی ڈیانا
شہزادی ڈیانا نے 1985ء میں وائٹ ہائوس کی ایک تقریب میں ایک کالے لباس میں شرکت کی تھی۔ یہ لباس ایک ڈیزائنر وکٹر ایڈلسٹین کا تیار کردہ تھا۔ تقریب میں موجود امریکی اداکار جان ٹریولٹا نے شہزادی ڈیانا کے ساتھ رقص کیا تھا جس کی وجہ سے یہ لباس مزید مشہور ہوا۔ 2013ء میں جب یہ لباس نیلامی کے لئے پیش کیا گیا تو اسے دو لاکھ چالیس ہزار پائونڈ میں خریدا گیا تھا جو کہ تین لاکھ باسٹھ ہزار چار سو چوبیس ڈالر کے برابر رقم بنتی ہے۔

مریلین مونرو کا معروف سب وے ڈریس
امریکی اداکارہ مریلین مونرو کا مشہورِ زمانہ سب وے ڈریس بھی دنیا کے مہنگے ترین ملبوسات میں شمار کیا جاتا ہے۔ انہوں نے یہ لباس 1955ء میں اپنی ایک فلم کے ایک سین کے لئے پہنا تھا۔ یہ لباس 2011ء میں تقریباً ساڑھے پانچ ملین ڈالر میں نیلام ہوا تھا۔

آدرے ہیپبرن اپنے مشہور زمانہ سیاہ گاؤن میں
مشہور اداکارہ آدرے ہیپبرن اپنی ایک فلم بریک فاسٹ ایٹ ٹیفینیز میں ایک سیاہ گاؤن پہنے نظر آئی تھیں۔ یہ سیاہ گاؤن اُن تین ملبوسات میں سے ایک تھا جو اس فلم میں آدرے نے پہنے تھے۔ اس لباس کو جب نیلام کیا گیا تو یہ چار لاکھ سڑسٹھ ہزار دو سو پائونڈ میں فروخت ہوا تھا۔

نکول کڈ مین کا آسکر ایوارڈ میں پہنا لباس
اداکارہ نکول کڈ مین نے 1997ء میں ہونے والی آسکر ایوارڈز کی تقریب پر جو لباس پہنا تھا وہ اتنا مہنگا تو نہیں تھا مگر اس لباس کو پہننے کے لئے نکول نے دو ملین ڈالر کی رقم وصول کی تھی جس کی وجہ سے یہ لباس دنیا کے مہنگے ترین ملبوسات میں شمار کیا جاتا ہے۔ یہ خوبصورت گائون جان گیلیانو نامی ڈیزائنر نے تیار کیا تھا۔

لیوپیٹا نیون گو کا آسکر پرپہنا لباس
اداکارہ لیوپیٹا نیون گو نے 2015ء کی آسکر تقریب کے لئے مشہور برینڈ کیلون کلائن سے ایک لباس تیار کروایا تھا جس پر چھ ہزارموتے لگائے گئے تھے۔ اس لباس کی قیمت اُس وقت ڈیڑھ لاکھ ڈالر تھی۔

کیٹ بلینشیٹ کا لباس
آسٹریلوی اداکارہ کیٹ بلینشیٹ نے 2007ء کے آسکر ایوارڈ کی تقریب میں ایک بہت ہی خوبصورت لباس زیب تن کئے شرکت کی تھی۔ اس لباس کی قیمت دو لاکھ ڈالر بتائی جاتی ہے۔