آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی،سربراہ پاک فضائیہ
اسلام آباد: پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے کہا ہے کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔
یہ بات انہوں نے ائیر ہیڈ کوارٹر میں ایئر پاور کے موضوع پر منعقدہ عالمی سیمینار کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ پاک فضائیہ کے زیر اہتمام منعقدہ اس دو روزہ سیمینار کے اختتامی سیشن میں پاک فضائیہ کے سربراہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس سیمینار میں 18 ممالک کی فضائی افواج سے آنے والے مقررین اور مبصرین نے ”ایمرجنگ ٹرینڈز اِن ائیر پاور“ کے موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس سیمینار کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ انہوں نے اس سیمینار میں غیر روایتی خطرات سے نبرد آزما ہونے کے لیے ائیر پاور کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے پاک فضائیہ کے مسلح افواج کے ساتھ مل کر ضرب عضب اور آپریشن ردالفساد جیسے کامیاب آپریشنز کا بھی ذکر کیا۔
اسی ضمن میں انہوں نے دوست ممالک کی فضائی افواج کو حال ہی میں قائم کردہ پاک فضائیہ کے ائیر پاور سنٹر آف ایکسیلینس میں تربیتی تعاون فراہم کرنے کی پیشکش کی۔ پاک فضائیہ کے سینئر حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران، پاکستان میں موجود غیر ملکی دفاعی اور فضائی اتاشی، دفاعی تجزیہ کار اور مختلف تعلیمی اداروں کے نمایاں افراد بھی اس سیمینار میں موجود تھے۔ اے پی پی