فیصل آباد: ڈاکوؤں کی فائرنگ، 5 افراد زخمی، شہریوں کے تشدد سے 3 ڈکیت ہلاک
اسٹاف رپورٹ
فیصل آباد : فیصل آباد میں شہری ڈکیتیوں سے اس حد تک تنگ آگئے کہ خود ہی عدالت لگا بیٹھے، 3 ڈاکوؤں کو بیچ بازار میں اس قدر تشدد کا نشانہ بنایا کہ جان سے ہی مار ڈالا، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 5 راہ گیر بھی زخمی ہوئے۔
فیصل آباد کے دھنولہ اسٹاپ پر دکان لوٹنے کی کوشش کو دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی، گولیاں لگنے سے 5 افراد زخمی ہوگئے، فائرنگ کی آواز سن کر شہری جمع ہوگئے اور ڈاکوؤں کو دھرلیا۔
شہری اس قدر مشتعل ہوئے کہ کسی نے ڈنڈے برسائے تو کسی نے اینٹیں مار کر اپنا غصہ ٹھنڈا کیا، پولیس کے پہنچنے تک 2 ڈاکوؤں کی جان نکل چکی تھی جبکہ تیسرا ملزم اسپتال جاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔
شہری کہتے ہیں وہ بڑھتی ہوئی ڈکیتی کی وارداتوں سے تنگ آچکے ہیں۔
زخمی شہریوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ سماء