فلم ’’پدماوتی‘‘ میں دیپکا کےلباس اورزیورکی ہوش اڑا دینے والی تفصیلات
تاریخی موضوع پر بنائی جانے والی بالی ووڈ کی نئی فلم ’’پدماوتی‘‘ کے ٹریلر نے نیا ریکارڈ قائم کیا تو فلم کے میوزک، متاثر کن ڈائیلاگ اور حقیقی حالات کی منظر کشی کرتے بڑے بڑے سیٹس کو بے حد سراہا گیا۔ اداکاروں کے شاہانہ لباس بھی زیر بحث آئے مگر فلم کی ہیروئن دیپکا پڈوکون کے لباس کی تفصیلات ہوش اڑا دینے والی ہیں۔
سنجے لیلا بھنسالی کی فلم پدماوتی کا پہلا آفیشل ٹریلرصرف ایک دن میں 15 ملین (ڈیڑھ کروڑ) سے زائد لوگوں نے دیکھا۔ فلم میں رانی کا کردارنبھانے والی دیپکا کا لبا س ظاہرہے عام تو نہیں ہونا تھا مگر یہ خاص سے بھی بڑھ کر خاص الخاص نکلا۔
تیرہوں صدی کے واقعات پر بنائی جانے والی اس فلم کے کاسٹیوم اور تمام ترمنظرکشی بھی اسی حساب سے ہے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق دیپکا پڈوکون کے سرخ لہنگے کا وزن تیس کلو گرام ہے جبکہ رانی پدماوتی بننے کے لیے اداکارہ کو اس بھاری بھرکم لہنگے کے ساتھ چار سو کلو گرام سونا بھی پہننا پڑا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سرخ لہنگے کی قیمت 20 لاکھ روپے ہے جبکہ کئی ہفتوں میں تیار ہونے والے اس لہنگے میں ایک سے ڈیزائنرز کی محنت شامل ہے۔ یہ لہنگا دیپکا نے فلم کی شوٹنگ کے دوران کم ازکم سو روزتک مسلسل 12 سے 14 گھنٹےروزانہ پہنے رکھا۔
دیپکا کے زیورات کو بھی دو سو کاریگروں نے قریب دو سال کی شبانہ روز محنت سے تیارکیا۔
200 craftsmen spend 600 days molding 400 kgs of gold. Here's how the magnificent jewelry of #Padmavati was made - https://t.co/bgVNp0uaef
— Padmavati (@FilmPadmavati) October 12, 2017
مگر اچھی بات یہ ہے اتنا وزنی لباس پہننے کا دیپکا کا یہ پہلا تجربہ نہیں تھا۔ اس سے قبل دیپکا فلم ’’باجی راؤ مستانی ‘‘ اور ’’رام لیلا ‘‘ میں کم و بیش 20 کلو وزنی لباس پہن چکی ہیں۔
واضح رہے کہ سنجے لیلا بھنسالی نے یہ فلم چتورگڑھ کی رانی پدمنی عرف پدماوتی کے متعلق بنائی ہے جس کی خوبصورتی کے چرچے سن کربادشاہ علاؤ الدین خلجی ان کا دیوانہ ہوا اورپھر رانی کو پانے کے لیے اس کے راجا راول رتن سنگھ کو قتل کردیا۔
فلم میں مرکزی کردار دیپیکا پڈوکون( پدماوتی)، رنویرسنگھ(بادشاہ علاؤ الدین خلجی) اورشاہد کپور( راجا راول رتن سنگھ ) نبھا رہے ہیں۔ فلم رواں برس یکم دسمبر کو سینما گھروں میں پیش کیا جائے گی۔ سماء