سانحہ بارہ مئی کا ملزم رینجرز کے حوالے
کراچی: کراچی میں انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ بارہ مئی کے ملزم عبد الرفیق کائیں کو نوے روز کے لئے رینجرز کے حوالے کردیا۔
ملزم اسٹیٹ بنک میں اٹھارہ گریڈ کا ملازم ہے۔ رینجرز کا دعویٰ ہے کہ ملزم ملازمت کی آڑمیں ٹارگٹ کلرزکی معاونت کرتا رہا۔
کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں سانحہ بارہ مئی میں ملوث ملزم عبدالرفیق عرف کائیں کو سخت سیکیورٹی پہرے میں پیش کیا گیا۔ رینجرز کی اسپیشل ٹاسک فورس نے ملزم کو اتوار کی رات محمودآباد سے گرفتار کیا تھا۔ رینجرز ذرائع کے مطابق ملزم رفیق عرف کائیں نے دوران تفتیش سانحہ بارہ مئی دوہزار سات میں ملوث ہونے کا اقرارکیا۔
عدالت نےملزم کو نوے روزہ ریمانڈ پر رینجرز کےحوالے کردیا۔ ملزم کے وکیل نے کہا کہ ملزم بےگناہ ہے۔
رینجرزذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم اسٹیٹ بینک میں گریڈ اٹھارہ کا ملازم ہے۔ بنک کو اس کی سرگرمیوں کےبارے میں آگاہ کردیا ہے۔ رینجرز نے دعویٰ کیا کہ ملزم اپنی ملازمت کی آڑ میں ٹارگٹ کلرز کی معاونت کررہا تھا۔ ملزم سے تفتیش مکمل کرنے کے بعد پولیس کےحوالے کیا جائے گا۔ سماء