قومی اسمبلی: پیٹرولیم پر جی ایس ٹی میں اضافے کیخلاف اپوزیشن کا واک آؤٹ
اسٹاف رپورٹ
اسلام آباد : اپوزیشن نے پیٹرولیم مصنوعات پر جی ایس ٹی میں اضافے کیخلاف قومی اسمبلی سے واک آؤٹ کردیا، خورشید شاہ کہتے ہیں دنیا میں کہیں بھی 27 فیصد جی ایس ٹی نہیں، لیوی ملا کر ٹیکس 40 فیصد ہوجاتا ہے، رشید گوڈیل نے عمران خان کیخلاف خوب بھڑاس نکالی۔
اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیرصدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن نے پیٹرولیم مصنوعات پر جی ایس ٹی میں اضافے کیخلاف شدید احتجاج کیا اور اسے قوم کے ساتھ ناانصافی قرار دیا، اپوزیشن کی تمام جماعتیں ایوان سے واک آؤٹ کرگئیں۔
اس سے پہلے خورشید شاہ نے سوال اٹھایا کہ جب قیمتیں زیادہ تھیں تو جی ایس ٹی کم کیوں نہیں کیا گیا، دنیا میں کسی جگہ 27 فیصد جی ایس ٹی نہیں ہے، پیٹرولیم لیوی الگ سے لی جارہی ہے، اس طرح 40 فیصد جی ایس ٹی لیا جارہا ہے، حکومت عوام کی گردنوں پر چھری چلارہی ہے، موبائل کارڈ پر لیا جانے والا ٹیکس قوم کے ساتھ سراسر زیادتی ہے، واک آؤٹ میں پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی شامل تھیں۔
عمران خان کے الطاف حسین پر الزامات پر رشید گوڈیل نے کہا کہ ان پر الزام لگانے والے اپنے گریبان میں بھی جھانکیں، کل کے دھرنے قوم کے سامنے ہیں، دھرنے میں کیا کیا گُل کھلائے گئے ہم سب جانتے ہیں، تبدیلی کے نعرے لگانے والے اب کس منہ سے بات کررہے ہیں۔
انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرکے کہا کہ جو تم کرو گے وہ ہم کہیں گے، عمران خان جیسا بدنیت کوئی شخص نہیں، عمران نے پختونوں کا نام بدنام کیا ہوا ہے، سانحہ بلدیہ ٹاؤن کی انکوائری ضرور ہونی چاہئے، الزامات کے ثبوت عدالت میں پیش کئے جائیں، سانحہ 12 مئی کی انکوائری بھی کروائی جائے۔ سماء