اسامہ بن لادن کیس کی طرح نیب کیسز کا نتجہ بھی نکلے گا
اسلام آباد : نئے چیئرمین نیب جسٹس(ر)جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ لاپتہ افراد کی کمیشن رپورٹ آخری مراحل میں ہے، رپورٹ جمع کراتے ہی کمیشن کی سربراہی چھوڑ دوں گا، ایک سوال کے جواب میں جسٹس ر جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ ایبٹ آباد کمیشن کی طرح نیب کے تمام بڑے کیسز کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔
نئے چیئرمین نیب جسٹس ر جاوید اقبال نے عہدہ سنبھالتے ہی پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر صحافیوں سے مختصر غیر رسمی گفت گو میں جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ وہ قانون کے مطابق کام کرتے ہوئے اپنی بہترین قابلیت کو بروئے کار لائیں گے اور انشاءاللہ نیب کیسز کا بھی نتیجہ نکلے گا، ان کا کہنا تھا کہ ابھی صرف چارج سنبھالا ہے کوئی بریفنگ نہیں لی، آئندہ ایک دو روز میں بریفنگ لوں گا اور اپنے کام کا باقاعدہ آغاز کروں گا، کام میں کوئی مشکل پیش نہیں آئے گی اور ایمانداری کے ساتھ اپنا کام سرانجام دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پہلی دفعہ چیلنج کا سامنا نہیں کر رہا ،انشاءاللہ تمام کام خوش اسلوبی سے ہوں گے، نیب کے تمام امور پر تفصیلی بریفنگ لوں گااور کسی بھی معاملے کو التوا کا شکار نہیں بننے دیں گے۔
چیئرمین نیب نے لاپتا افراد کمیشن کی سربراہی سے متعلق سوال کےجواب میں کہا کہ فی الحال لاپتا افراد کمیشن کی سربراہی نہیں چھوڑ رہا، لاپتا افراد کمیشن میں 3 سال بہت محنت کی ہے، اس کی رپورٹ حتمی مرحلے میں ہے، اب اس رپورٹ کو انجام تک پہنچا کر ہی کمیشن کی سربراہی چھوڑوں گا اور پھر پوری توجہ نیب پر ہو گی۔
اسامہ بن لادن کمیشن سے متعلق پوچھے گئے سوال پر چیئرمین نیب نے کہا کہ انہوں نے اسامہ بن لادن کمیشن کا نتیجہ نکال کر دے دیا تھا اب حکام کا کام ہے اس پر کام کریں۔ واضح رہے کہ جسٹس (ر) جاوید اقبال ایبٹ آباد کمیشن کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں جنہوں نے امریکی فورسز کے ایبٹ آباد میں مبینہ آپریشن کی تحقیقات کیں جس میں اسامہ بن لادن کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔ سماء