کوئٹہ میں فورسز کی کارروائی، کالعدم تنظیم کا سرغنہ عثمان ساتھی سمیت ہلاک
اسٹاف رپورٹ
کوئٹہ : کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسز سے مقابلے میں کالعدم مذہبی تنظیم کا سرغنہ عثمان سیف اللہ ساتھی سمیت مارا گیا جبکہ ٹارگٹ کلر گرفتار کرلیا گیا، فائرنگ کے تبادلے میں ایک اہلکار بھی شہید ہوا۔
حساس ادارے اور ایف سی کی جانب سے مستونگ روڈ پر کارروائی کی گئی، کالعدم مذہبی تنظیم کے سربراہ عثمان سیف اللہ کرد اور اس کے ساتھی ایک ہوٹل میں موجود تھے، ہوٹل کو گھیرے میں لیا گیا تو ملزمان نے فورسز پر فائرنگ شروع کردی، جوابی فائرنگ میں عثمان سیف اللہ ساتھی سمیت مارا گیا، ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
فائرنگ کے تبادلے میں ایک سیکیورٹی اہلکار شہید اور 4 زخمی ہوگئے، جنہیں طبی امداد کیلئے سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا جبکہ ملزمان کی لاشیں سول اسپتال منتقل کردی گئیں۔
عثمان سیف اللہ 2008ء میں اے ٹی ایف سب جیل توڑ کر فرار ہوا، خود کشں حملوں سمیت ٹارگٹ کلنگ اور سنگین نوعیت کے واقعات کا مسٹر مائنڈ ہے، وہ 14 تھانوں میں انسداد دہشتگردی، بم دھماکوں، قتل، اقدام قتل سمیت 17 مقدمات میں مطلوب تھا، حکو مت بلوچستان نے اس کے سر کی قیمت 25 لاکھ روپے مقرر کی تھی۔ سماء