پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بدترین مندی، سرمایہ کار بے حال
کراچی/ اسلام آباد/ لاہور : محاذ آرائی کی سیاست ملکی معيشت کو ڈبونے لگی، پاکستان اسٹاک مارکیٹ ميں سرمایہ کاروں کے خواب چکنا چور ہوگئے، پورے دن میں 1236 پوائنٹس گرے، کاروبار کے اختتام پر کچھ پوائنٹس کی ريکوری ہوگئی۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں مندی کا رجحان رہا، کے ایس ای 100 انڈیکس 654 پوائنٹس کی کمی سے 40 ہزار 461 پوائنٹس پر بند ہوا، مارکیٹ سرمایہ میں 1 کھرب 37 ارب 77 کروڑ 34 لاکھ 32 ہزار 500 روپے کی کمی رونماء ہوئی۔
موجودہ مندی سے بروکرز کے جذبات قابو میں نہ رہے، حکومت کو ذمہ دار قرار دیا۔ مایوسی کا شکار سرمايہ کار کہتے ہيں سياسی خبریں اسٹاک پر بجلی بن کر گرتی ہيں۔
کاروبار کے دوران مجموعی طور پر 19 کروڑ 20 لاکھ 2 ہزار 950 حصص کا کاروبار ہوا جس کا تجارتی حجم 9 ارب 64 کروڑ 60 لاکھ 27 ہزار 842 روپے رہا۔ مارکیٹ کیپیٹل 86 کھرب 36 ارب 36 کروڑ 28 لاکھ 13 ہزار 692 روپے سے کم ہوکر 84 کھرب 98 ارب 58 کروڑ 93 لاکھ 81 ہزار 192 روپے رہ گیا۔
رواں ہفتے اسٹاک مارکیٹ میں ڈھائی ہزار سے زائد پوائنٹس کی کمی ريکارڈ کی گئی، کاروباری مندی کے سبب 100 انڈيکس 40 ہزار پوائنٹس کی سطح پر آگيا۔ سماء