کسٹم ڈیوٹیز اور ٹیکس ادائیگی اب اے ٹی ایم سے
اسلام آباد / کراچی : اب آپ پاکستان میں بھی کسٹم ڈیوٹیز اور ٹیکس اے ٹی ایمز کے ذریعے ادا کرسکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں اب اے ٹی ایم سے کسٹم ڈیوٹیز اور ٹیکسز ادا ہوسکے گی،اسٹیٹ بینک 31دسمبر سے اس نظام کو آپریشنل کردے گا۔ اس سلسلے میں ایف بی آر، مرکزی بینک اور ون لنک کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوگئے۔
ایک معاہدے کے تحت اب عوام انٹرنیٹ بینکاری یا اے ٹی ایم کے ذریعے ایف بی آر کے ٹیکس اور کسٹم ڈیوٹی ادا کر سکیں گے۔ اس سلسلے میں منعقد ہونے والی تقریب کی صدارت وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کی۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے دی گئی ریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ سہولت ہفتے کے سات دن، 24 گھنٹے دستیاب ہوگی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ بینک ایک لاکھ روپے کی ٹیکس ادائیگی پر صارف سے 10 روپے فی ٹرانزیکشن فیس وصول کریں گے۔
ایک لاکھ ایک روپے سے دس لاکھ کی ٹیکس ادائیگی پر 20 روپے اور دس لاکھ سے زیادہ کی ٹیکس ادائیگیوں پر زیادہ سے زیادہ 50 روپے فی ٹرانزیکشن فیس وصول کی جائے گی۔ سماء