شہبازتاثیراورعلی حیدرگیلانی افغانستان میں ہیں،وزیرداخلہ پنجاب
ویب ایڈیٹر:
لاہور : وزیر داخلہ پنجاب شجاع خانزادہ کا کہنا ہے کہ سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے صاحبزادے شہباز تاثیر اور سابق وزیراعظم گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی افغانستان میں ہیں، آرمی چیف نے افغان حکومت کے ساتھ مغویوں کی بازیابی کا معاملہ اٹھایا ہے،حکومت کی جانب سے کوششیں جاری ہیں۔
پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں پوچھے گئے سوالات کے جواب میں وزیر داخلہ پنجاب شجاع خانزادہ کا کہنا تھا کہ سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے بیٹے شہباز تاثیر اور سابق وزیراعظم گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی اس وقت افغانستان میں موجود ہیں، حکومت پنجاب دونوں مغویوں کی رہائی کیلئے کوشش کر رہی ہے، وزیر داخلہ پنجاب کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف افغان حکومت کے ساتھ مغویوں کی باحفاظت بازیابی کا معاملہ اٹھا چکے ہیں، جس کیلئے کوششیں جاری ہیں۔
صوبے میں جرائم کی شرح سے متعلق وزیر داخلہ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ اغوا برائے تاوان کے 95 فیصد واقعات میں کے پی کے ملزمان کا ہاتھ ہے، پنجاب میں زیادہ تر اغوا کار مردان اور مالاکنڈ سے آتے ہیں، انہوں نے بتایا کہ جرائم پر قابو پانے کیلئے خیبر پختونخوا کیساتھ داخلی راستوں پر چیکنگ سخت کردی گئی ہے،تاوان اور اغوا کی وارداتوں سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ دو سال میں اغوا برائے تاوان کے 324 مقدمات درج ہوئے، دو سال میں انیس مغویوں کو قتل کیا گیا۔
دوسری جانب وزیر داخلہ پنجاب کے بیان پر سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ افغان صدر نے تعاون کی یقین دہانی اور دورے کی دعوت بھی دی ہے، بیٹے کی بازیابی کیلئے پارٹی وفد نے افغان صدر سے ملاقات کی تھی۔ یوسف رضا گیلانی کا مزید کہنا تھا کہ مجھے نہیں معلوم میرا بیٹا پاکستان میں ہے یا افغانستان میں، وزیراعظم نے ملاقات میں تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی، مغوی بیٹے کی واپسی تک مطمئن نہیں رہوں گا۔ سماء