دہشت گردوں کا ہر صورت خاتمہ کرنا ہوگا، وزیراعظم
اسٹاف رپورٹ
اسلام آباد : نیشنل ایکشن پلان پر اعلیٰ سطح کی بیٹھک لگی، وزیراعظم نواز شریف کہتے ہیں کہ قومی لائحہ عمل پر عملدرآمد میں پنجاب سب سے آگے نکل گیا، دوسرے صوبے بھی کام تیز کریں، دہشت گردوں کا ہر صورت میں خاتمہ کرنا ہے۔
پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کا جائزہ اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں میاں نواز شریف کی زیرصدارت ہوا، اجلاس میں وفاق اور پنجاب کے سیکریٹریز داخلہ، ڈی جی آئی بی اور آئی جی پنجاب نے شرکت کی۔
وزیراعظم کو پنجاب میں دہشت گردوں کیخلاف اب تک کی گئی کارروائیوں اور دیگر اقدامات پر بریفنگ دی گئی، میاں نواز شریف نے حکومت پنجاب کی کارکردگی کو سراہا اور دیگر صوبوں کو بھی کاردکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گرد امن و استحکام کے دشمن ہیں جبکہ نیشنل ایکشن پلان کو پوری قوم اور سیاسی قیادت کی تائید حاصل ہے، اس لئے دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ سماء