عمران خان کیخلاف توہین عدالت کیس کا فیصلہ 12 اکتوبر تک ملتوی
اسلام آباد : پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کا فیصلہ ہائی کورٹ اسلام آباد کا فیصلہ آنے تک 12 اکتوبر تک ملتوی کردیا گیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان میں پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی، عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کا فیصلہ آج سنایا جانا تھا، تاہم سماعت کے آغاز پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہمارے دائرہ اختیار کو بھی چیلنج کیا گیا ہے۔
اس موقع پر درخواست گزار اکبر ایس بابر کے وکیل احمد حسن کا کہنا تھا کہ ہمیں امید ہے آج آپ توہین عدالت پر فیصلہ سنائیں گے، جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہمارا نمائندہ ہائیکورٹ میں فیصلے کی کاپی کا انتظار کر رہا ہے، کاپی موصول ہونے کے بعد مزید کارروائی کریں گے۔
جس پر عمران خان کی جانب سے پیش ہونے والی وکیل ایڈووکیٹ شاہد نسیم گوندل نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے لارجر بینچ نے 11 اکتوبر تک کیس ملتوی کیا ہے، ہائی کورٹ کا الیکشن کمیشن کے فیصلے کی معطلی کا حکم 11 اکتوبر تک ہے۔
جس پر الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہائی کورٹ اسلام آباد نے اگر گیارہ اکتوبر تک فیصلہ نہ کیا تو 12 اکتوبر کو فیصلہ سنا دیں گے، جس کے بعد ہائیکورٹ میں کیس ہونے کے باعث توہین عدالت کی کارروائی 12 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔ سماء