ایردوان جیسے لیڈر سے ملاقات میرے لیے باعث شرف ہے، ٹرمپ
نیویارک: ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے نیو یارک میں اپنے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی جس میں علاقائی مسائل کے پر امن حل کےلیے تعاون کے فروغ پر بات چیت ہوئی۔
خبر رساں ادارے کے مطابق دونوں صدور کے مابین ملاقات میں عالمی دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائی کے عزم پر اتفاق رائے کا اظہار کیا گیا۔ دونوں صدور نے 25 ستمبر کو ہونے والے شمالی عراقی انتظامیہ میں مجوزہ ریفرنڈم کی مخالفت کرتے ہوئے اس کے سنگین نتائج برآمد ہونے کی نشاندہی کی۔
ملاقات کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ترک صدر اردگان سے ملاقات میرے لیے باعث شرف تھی کیونکہ وہ ایک ایسے ملک کے لیڈر ہیں جو کہ انتہائی حساس خطے میں واقع ہے۔
ترکی اور امریکہ کے درمیان گہرے دوستانہ روابط ہیں اور ہمارے درمیان سیاسی سمیت ذاتی نوعیت کے تعلقات بھی قائم ہو چکے ہیں۔ اے پی پی