بھارتی سیکریٹری خارجہ کی وزیراعظم سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال
اسٹاف رپورٹ
اسلام آباد : بھارتی سیکریٹری خارجہ سبرامنیم جے شنکر نے اسلام آباد ميں وزيراعظم نواز شريف اور پاکستانی ہم منصب سے ملاقات کی، دونوں ممالک کے درميان سرحدی کشيدگی کے خاتمے اور سارک کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خيال کيا گيا۔
بھارتی سیکریٹری خارجہ نے 2 روزہ دورے کے پہلے روز دفتر خارجہ میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز، وزیراعظم کے مشیر برائے سیکیورٹی امور طارق فاطمی اور سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری سے ملاقاتیں کیں۔
ایس جے شنکر نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ بھارت اور پاکستان نے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے، دورے کا مقصد پاکستان کے ساتھ باہمی امور پر بات چیت اور سرحدی کشیدگی میں کمی ہے۔
بھارتی سیکریٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی ہم منصب سے ملاقات تعمیری اور خوشگوار ماحول میں ہوئی، انہوں نے یہ نوید بھی سنائی کہ پاکستان سارک تنظیم کا آئندہ سربراہ ہوگا۔
بھارتی سیکریٹری خارجہ وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے بعد کل کابل جائیں گے۔ سماء