کوک اسٹوڈیو سیزن 10 کا اختتام، اسٹرنگز کی شاندار واپسی
کراچی : کوک اسٹوڈیو سیزن 10 کے اختتام پر مشہور میوزیکل گروپ اسٹرنگز کی شاندار واپسی ہورہی ہے، آخری قسط میں وہ علی ظفر اور علی حمزہ کے ساتھ جنید جمشید کے گانے ’’اس راہ پر‘‘ پیش کریں گے۔
کوک اسٹوڈیو میں 4 سیزن سے موجود ایگزیکٹو پروڈیوسر اسٹرنگز نے تخلیقی میوزک کے ساتھ دنیا بھر میں سامعین کو اپنے سحر میں جکڑ رکھا ہے، اس سیزن کی آخری قسط میں وہ علی ظفر اور علی حمزہ کے ساتھ وائٹل سائنز کا گانا 'اس راہ پر' پیش کررہے ہیں، یہ ان کی 8 سال کے طویل عرصے بعد واپسی ہے جب سیزن 2 میں انہوں نے 'تتلیاں' گیت پر آخری پرفارمنس پیش کی تھی۔

اسٹرنگز بین الاقوامی طور پر مشہور پاکستانی پاپ راک بینڈ ہے جس کی قیادت بلال مقصود اور فیصل کپاڈیہ کررہے ہیں، بینڈ نے اپنے میوزک سفر کا آغاز سال 1988 میں کیا اور پاکستانی و انڈین میوزک انڈسٹری میں اپنا نمایاں مقام بنا لیا، سیزن 1 اور سیزن 2 میں انہوں نے سرکی، انجانے، دور، زندہ اور تتلیاں جیسے مشہور گیتوں پر شاندار پرفارمنس پیش کی۔

کوک اسٹوڈیو کے گیت 'اس راہ پر' کی دھن جعفر زیدی نے ترتیب دی، ان کا کہنا ہے کہ جب ہم یہ گیت ریکارڈ کررہے تھے، تبھی ہمیں کچھ کمی محسوس ہورہی تھی، میری خواہش تھی کہ اس گیت پر اسٹرنگز پرفارم کرے اور انہوں نے اتفاق کیا، مجھے محسوس ہوتا ہے کہ یہ ایک اہم پیشرفت ہے کیونکہ وہ جنید جمشید اور وائٹل سائنز کو ذاتی طور پر جانتے تھے، وہ اس گیت کو خاص اہمیت دیتے ہیں اور وہ اہمیت ناقابل بیان ہے، میں اس گانے میں انکی پرفارمنس پر بہت خوش ہوں۔
سیزن 10 کی اس فائنل قسط میں دیگر 3 گانے بھی شامل ہیں جن میں عائمہ بیگ اور شجاع حیدر کا 'بانورے، سجاد علی کا 'تیرا نام' اور شفقت امانت علی خان کا 'مولا تیرا نور' ہیں۔

سیزن 10 میں لوگوں کے مزاج سے ہم آہنگ میوزک تخلیق کرنے سے متعلق کوک اسٹوڈیو کے فلسفہ پر عملدرآمد جاری رہا، ایسی میوزک کی تخلیق جو معنوں سے بھرپور، روح پرور ہونے ساتھ متاثرکن بھی ہو۔ یہ سیزن اسپیشل رہا جس میں پاکستانی میوزک انڈسٹری کے 7 عظیم گلوکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا جو اب ہم میں موجود نہیں اور ان کو خراج عقیدت پیش کرنے کی بدولت ہمیں اپنی بنیادوں کو از سر نو دریافت کرنے میں مدد ملی اور اس کی بدولت ہمیں اپنے ذرخیز ورثے کو آگے بڑھانے میں معاونت ہوگی۔

اس سیزن میں مختلف میوزک ڈائریکٹرز کے فارمیٹ کے ساتھ نو میوزک ڈائریکٹرز شامل ہوئے جن میں شانی ارشد، علی حمزہ، جعفر زیدی، شجاع حیدر، سجاد علی، سلمان احمد، میکال حسن، ساحر علی بگا اور اسٹرنگز شامل ہیں، وہ میوزک کی مختلف اصناف کے ساتھ کام کررہے ہیں جبکہ اسٹرنگز ایگزیکٹو پروڈیوسر کے طور پر کام کررہا ہے، اس میں شامل آرٹسٹوں میں 40 سے زائد گلوکار اور 35 موسیقار ہیں جن میں عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی، عاریب اظہر، حمیرا ارشد، ساحر علی بگا اور سلمان احمد نے نمایاں انداز کے ساتھ پرفارم کیا جبکہ اس سیزن میں وقار احسن، عائمہ بیگ، فائزہ مجاہد، ارتعاش، زوو علی اور سانول عیسیٰ خیلوی جیسے نئے ابھرتے ہوئے پاکستانی ٹیلنٹ کو بھی سامنے لایا گیا۔

کوک اسٹوڈیو فیوژن میوزک کی تخلیق کا کام کررہا ہے، وہ میوزک خلاء کو مسلسل بھرنے کے ساتھ گزشتہ 10 سالوں کے دوران پاکستانی میوزک کی مسلسل ترقی کیلئے بھی کام کررہا ہے، ملک میں اس سے بڑا کوئی پلیٹ فارم نہیں ہے اور کوک اسٹوڈیو سے آنیوالی میوزک پاکستانی شناخت کے ساتھ دنیا بھر میں اپنی جگہ بناتی ہے۔