پی این ایس شفاء میں جدید انٹر وینشنل کارڈیک یونٹ کا افتتاح

کراچی : پاک بحریہ کے اسپتال پی این ایس شفاء میں امراضِ قلب کے علاج کیلئے جدید سہولیات سے آراستہ انٹر وینشنل کارڈیک یونٹ کا افتتاح کردیا گیا، تقریب کے مہمان خصوصی چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ تھے۔

پی این ایس شفاء آمد پر کمانڈر کراچی رئیر ایڈمرل اطہر مختار نے مہمانِ خصوصی کا خیر مقدم کیا، ڈائریکٹر جنرل میڈیکل سروسز (نیوی) سرجن رئیر ایڈمرل نجم الثاقب بھی اس موقع پر موجود تھے۔

انٹروینشنل کارڈیالوجی شعبہٴ امراضِ قلب کی وہ شاخ ہے جس میں دل کی ساخت سے متعلق امراض کا جدید تکنیک کے ذریعے علاج کیا جاتا ہے، پی این ایس شفاء میں قائم ہونے والا انٹر وینشنل کارڈیک یونٹ اپنی نوعیت کا پہلا یونٹ ہے جو ملک کے جنوبی حصے میں مسلح افواج کے تحت چلنے والے کسی دوسرے اسپتال میں موجود نہیں، یہ یونٹ مسلح افواج کے افراد کے ساتھ ساتھ شہری آبادی کو بھی امراضِ قلب کے علاج معالجے کی جدید سہولیات مہیا کرے گا۔

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے سربراہ پاک بحریہ نے مختصر ترین وقت میں کارڈیک یونٹ کے قیام پر پی این ایس شفاء کی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ اسپتال مسلح افواج کے افراد اور مقامی شہریوں کو یکساں طور پر معیاری طبی سہولیات کی فراہمی جار ی رکھے گا۔

پی این ایس شفاء پاک بحریہ کے زیر انتظام چلنے والا اسپتال ہے جو مختلف شعبہ ہائے طب اور جراحی میں علاج معالجے کی معیاری سہولیات فراہم کررہا ہے، مزید برآں 25 بستروں پر مشتمل انٹر وینشنل کارڈیک یونٹ کا قیام شہر میں دستیاب طبی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کیلئے پاک بحریہ کی ایک نمایاں کاوش ہے، اس یونٹ کے قیام کے بعد تینوں مسلح افواج کے افراد اور عام شہریوں کو جدید طریقہٴ علاج بشمول انجییو گرافی، انجیو پلاسٹی اور کمپیوٹڈ ٹومو گرافی وغیرہ کی سہولیات میسر ہوں گی۔

HEALTH

HEART

PNS Shifa

(Interventional Cardiac Unit)

Cardiac

Tabool ads will show in this div