واہ کینٹ خودکش حملہ کرنیوالے گروہ بے نقاب، 4 ملزمان گرفتار
ویب ایڈیٹر
اسلام آباد : واہ کینٹ میں خودکش حملہ کرنیوالے گروہ کا سراغ لگالیا گیا، آصف نامی حملہ آور کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے، فورسز نے ملزم کے 4 ساتھیوں کو گرفتار کرلیا، جنہوں نے سیکیورٹی اہلکاروں کے قتل سمیت کئی وارداتوں کا اعتراف کرلیا۔
ذرائع کے مطابق واہ کینٹ میں ہینڈ گرنیڈ خودکش حملہ کرنے والا گروہ بے نقاب ہوگیا، آصف نامی خودکش حملہ آور نے خود کو ہینڈ گرینیڈ سے اڑالیا تھا، جس کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے، حساس اداروں اور پولیس نے ملزم کے 4 ساتھیوں کو گرفتار کرلیا، جنہوں نے 9 افراد کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان نے حساس ادارے کے ایک اور پولیس کے 2 اہلکاروں کو بھی قتل کیا، اٹک اور راولپنڈی میں ٹارگٹ کلنگ کی بھی وارداتیں کیں، گروہ کے 2 افراد اب بھی پولیس کو مطلوب ہیں، جن کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ سماء