میانمار حکومت روہنگیا مسلمانوں کیخلاف کارروائیاں بند کرے، اقوام متحدہ
اقوام متحدہ: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گیتریز نے میانمار حکام سے کہا ہے کہ وہ روہنگیا مسلمانوں کے خلاف فوجی کارروائیاں معطل اور ان پر تشدد بند کر دے۔
سیکرٹری جنرل نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میانمار میں انسانی صورتحال تباہ کن ہے، دنیا بھر کے ممالک وہاں کے متاثرین کیلئے امداد فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ میانمار کی حکومت روہنگیا مسلمانوں کو شہریت دے یا کم از کم ایسی حیثیت دے کہ وہ اپنی زندگی اچھے طریقہ سے گزار سکیں۔
سیکرٹری جنرل نے کہا کہ 3 لاکھ 80 ہزار روہنگیا مسلمان بنگلہ دیش میں پناہ لے چکے ہیں، دنیا بھر ے ممالک ان کی مدد کیلئے آگے بڑھیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اس مسئلہ پر کئی مرتبہ آنگ سان سوچی سے بات کر چکے ہیں۔ اے پی پی