لاہور، دو گرجا گھروں پر خود کش حملے، تین افراد ہلاک، 40 زخمی
ویب ایڈیٹر :
لاہور : یوحنا آباد کے علاقے میں دو گرجا گھروں کے باہر خود کش حملے میں ہلاک افراد کی تعداد تین ہوگئی، جب کہ حملے میں چالیس سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے، حملوں سے قبل دہشت گردوں کی جانب سے گرجا گھروں کے اطراف میں شدید فائرنگ بھی کی گئی۔
پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق یوحنا آباد کے علاقے میں قائم دو گرجا گھروں کو اس وقت نشانہ بنایا گیا، جب وہاں اتوار کی دعائیہ تقریبات جاری تھیں، خود کش حملہ آوروں نے کرائسٹ چرچ اور کیتھولک چرچ کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی گارڈ کے روکنے پر حملہ آوروں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ حملے میں ہلاک افراد کی تعداد تین تک پہنچ گئی ہے، جب کہ حملے میں چالیس سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔
پولیس اور عینی شاہدین کے مطابق حملے کی جگہ سے دو دہشت گردوں کو گرفتار بھی کیا گیا، جو گرجا گھروں کے اطراف میں دھماکوں سے قبل فائرنگ کر رہے تھے۔ دونوں دہشت گردوں کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ دھماکوں کے بعد سیکیورٹی اداروں کے اہل کار اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی ہیں۔
دوسری جانب دھماکوں سے متعلق وزیراعظم نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کرتے ہوئے واقعہ کی فوری طور پر رپورٹ طلب کرلی ہے۔ لاہور کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ جب کہ حملوں کے بعد سیگر شہروں میں بھی گرجا گھروں کی سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔ سماء