پاکستان، ورلڈ الیون کے درمیان دوسرا ٹی 20 آج کھیلا جائیگا
لاہور: پاکستان اور ورلڈ الیون کی ٹیموں کے درمیان تین میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا ٹی ٹوئنٹی آج قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا، میچ شام 7 بجے شروع ہوگا۔ گزشتہ روز کے کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ورلڈ الیون کو 20 رنز سے شکست دی تھی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان ہونے والے آج کے میچ میں کرکٹ شائقین 2 بجے کے بعد اسٹیڈیم میں داخل ہوسکیں گے۔
آزادی کپ کے پہلے میچ میں پاکستان نے ورلڈ الیون کی ٹیم کو مقررہ بیس اوورز میں 198 رنز کا ہدف دیا، جس کے تعقب میں مہمان ٹیم 177 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی۔
پاکستان کی جانب سے شاداب خان ،سہیل خان اور رومان رئیس نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین پہنچایا۔ ورلڈ الیون کی جانب سے کپتان فاف ڈوپلیسی 29 رنز کے ساتھ سر فہرست رہے جبکہ ہاشم عاملہ 26 رنز کے ساتھ دوسرے اور ٹم پینی 25 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔
قومی ٹیم کی جانب سے بابر اعظم نے سب سے زیادہ 86 رنز بنائے، جبکہ احمد شہزاد 39، شعیب ملک 38، عماد وسیم 15، اوپنر بلے باز فخر زمان 8 اور کپتان سرفراز احمد 4 رنز بنا سکے۔
پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان سیریز کا آخری ٹی ٹوئنٹی 15 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ سماء