پاکستان پراحسان،بانی قائدکی 69ویں برسی آج منائی جارہی ہے

کراچی : ملک بھر میں آج بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کا انہترواں یوم وفات عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔
دنیا میں کئی رہنما آئے، کسی نے اپنے وطن کو آزادی دلائی، کسی نے نیا ملک قائم کیا تو کسی نے نئی قوم تشکیل دی۔ قائد اعظم محمد علی جناح کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ دنیا کی تاریخ کے واحد لیڈر ہیں جنہوں نے اپنے لوگوں کو آزادی دلائی۔ ایک نیا ملک قائم کیا اور ایک نئی قوم تشکیل دی جسے پاکستانی قوم کہتے ہیں۔
کسے معلوم تھا کہ پچیس دسمبر اٹھارہ سو چھیتر کو کراچی کے ایک تاجر جناح پونجا کے گھر پیدا ہونے والا محمد علی جناح برطانیہ کے تعلیمی اداروں سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد برصغیر کے مسلمانوں کا بلاشرکت غیرے لیڈر بن کر ابھرے گا۔
بیس سال کی عمر میں انہوں نے بمبئی میں وکالت شروع کی، وہ اس وقت شہر کے واحد مسلم بیرسٹر تھے۔ بیسویں صدی کے ابتدائی دو عشروں میں کانگریس سے وابستہ رہے اور ہندو مسلم اتحاد کے لئے کام کیا۔ کانگریس نے مایوس کیا تو علامہ اقبال جیسے رہنماؤں کی درخواست پر انیس سو تیرہ میں مسلم لیگ میں شامل ہوگئے اور مسلمانوں کے لئے الگ وطن کی جدوجہد میں شامل ہوگئے۔
انیس سو چالیس میں قرارداد لاہور کے بعد قائد اعظم کی قیادت میں شروع ہونے والی تاریخی جدوجہد چودہ اگست انیس سو سینتالیس کو قیام پاکستان پر منتج ہوئی۔ شبانہ روز محنت کے نتیجے میں قائد اعظم شدید نوعیت کی بیماری کا شکار ہوچکے تھے، لیکن انہوں نے کسی کو کانوں کان خبر نہ ہونے دی اور نئی مملکت کو مستحکم کرنے میں مصروف ہوئے لیکن اللہ نے انہیں مذید مہلت نہ دی اور ایک سال ستائیس دن بعد گیارہ ستمبر انیس سو اڑتالیس کو خالق حقیقی سے جاملے۔ سماء