صولت مرزا کا بیان کہاں ریکارڈ ہوا؟، وزیر داخلہ بلوچستان کا تحقیقات کا اعلان
اسٹاف رپورٹ
کوئٹہ : بلوچستان کے وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ صولت مرزا کی ویڈیو سے متعلق تحقیقات کرائی جارہی ہے، مجرم کا بیان کہاں اور کیسے ریکارڈ ہوا تحقیقات کے بعد ہی اس کا تعین ممکن ہوسکے گا۔
کوئٹہ میں نادرا آفس کے دورے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ہوئے سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ میں نہیں سمجھتا کہ صولت مرزا کی ویڈیو ڈیٹھ سیل سے جاری ہوئی تاہم اس حوالے سے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے، جس کے بعد ہی معلوم ہوسکے گا کہ یہ ویڈیو کب اور کہاں بنی۔
صولت مرزا کی پھانسی مؤخر ہونے سے متعلق سوال پر ان کہنا تھا کہ صولت مرزا کی حالت غیر ہوگئی تھی، ڈیٹھ سیل میں ایسا ہونا فطری بات ہے، ہم نے اس کی حالت سے متعلق وفاق کو آگاہ کیا، پھانسی روکنے سے متعلق فیصلہ ایوان صدر سے ہی ہوا۔
سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ صولت مرزا بلوچستان کی کسی عدالت کا مجرم نہیں، انہیں عدالت میں پیش کرنے سے متعلق وفاقی یا سندھ حکومت نے اب تک کوئی رابطہ نہیں کیا۔ سماء