ن لیگ حکومت اور پی ٹی آئی جوڈیشل کمیشن کے قیام پر متفق
اسٹاف رپورٹ
اسلام آباد : ن لیگ حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کیلئے عدالتی کمیشن کے قیام پر اتفاق ہوگیا، دونوں جماعتوں نے معاملات کے حل کیلئے سیاسی جرگے کے کردار کی تعریف کی۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان عام انتخابات میں دھاندلی سے متعلق تحقیقات کیلئے عدالتی کمیشن کے قیام پر اتفاق ہوگیا، مسودے کی حتمی منظوری وزیراعظم نواز شریف اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان دیں گے۔
اسلام آباد میں شاہ محمود قریشی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بتایا کہ جوڈیشل کمیشن کے قیام اور اختیار سے متعلق تمام نکات پر پی ٹی آئی سے اتفاق ہوگیا، سیاسی جرگے کے تمام ارکان کا معاونت پر شکریہ ادا کرتے ہیں، پی ٹی آئی نے بھی بہت سے معاملات پر لچک دکھائی، معاملات طے پاگئے، جلد جوڈیشل کمیشن قائم کردینگے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ جمہوریت میں بات چیت سے مسائل حل ہوتے ہیں، مستحکم بنانے کیلئے بااختیار، آزاد اور غیر جانبدار الیکشن کمیشن کا قیام ضروری ہے، ایسا نظام اور قوانین بنائے جائیں جس کا سب احترام کریں، کسی کی جیت ہار نہیں، عوام اور جمہوریت کو فائدہ ہونا چاہئے۔
واضح رہے کہ عمران خان نے مسلم لیگ ن پر عام انتخابات میں دھاندلی کے ذریعے اکثریت حاصل کرنے کا الزام لگایا تھا، تحقیقات کیلئے تقریباً 4 ماہ سے زائد اسلام آباد میں دھرنا بھی دیا گیا۔
مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے درمیان جوڈیشل کمیشن کے قیام سے متعلق طے پانے والے معاہدے کے نکات کے مطابق کمیشن 2013ء کے انتخابات کی تحقیقات کرے گا، دیکھا جائے گا کہ انتخابات شفاف طریقے سے ہوئے یا نہیں، یہ بھی تحقیقات ہوں گی کہ الیکشن پر اثر انداز ہونے کی کوئی منظم کوشش تو نہیں کی گئی۔
مسودے میں یہ نکتہ بھی رکھا گیا کہ 2013ء کے انتخابات کے نتائج تو تبدیل نہیں کئے گئے اور کیا نتائج ووٹرز کے حقیقی مینڈیٹ کی عکاسی کرتے ہیں۔ سماء