امیر قطر کی صدر ممنون اور وزیراعظم نواز شریف سے ملاقاتیں

اسٹاف رپورٹ

اسلام آباد : وزیر اعظم نواز شریف کا امیر قطر کے اعزاز میں عشائیہ دیا، دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں وفود کے تبادلوں پر اتفاق ہوگیا، وزیراعظم نے قطر پر پاکستانی افرادی قوت میں مزید اضافہ کیلئے زور دیا، شیخ تمیم بن حماد نے پاکستان میں انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی، امیر قطر نے صدر ممنون حسین سے بھی ملاقات کی۔

وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے امیر قطر کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ کے موقع پر دونوں رہنماؤں نے وفود کے تبادلے پر اتفاق کیا، وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان تجارت کا حجم 300 ملین ڈالر سالانہ ہے جس میں اضافے کی بہت گنجائش ہے، قطر میں ایک لاکھ پاکستانی ملازمت کررہے ہیں، قطر کی ترقی پاکستان کیلئے قابل تقلید ہے۔

انہوں نے کہا کہ امیر قطر کے دورے سے پاک قطر دو طرفہ تعلقات میں مزید اضافہ ہوگا۔

شیخ تمیم بن حماد الثانی کا کہنا تھا کہ قطر 2022ء کا فٹبال ورلڈ کپ منعقد کررہا ہے جس کیلئے مزید افرادی قوت کی ضرورت پڑے گی، قطر پاکستان میں توانائی میں سرمایہ کاری کا جائزہ لے گا۔

اس سے قبل امیر قطر نے صدر ممنون حسین سے بھی ملاقات کی جس میں دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سماء

Tabool ads will show in this div