صولت مرزا کے ویڈیو بیان کی تحقیقات کیلئے قائم کمیٹی ختم
اسٹاف رپورٹ
کوئٹہ : بلوچستان کی مچھ جیل سے پھانسی کے قیدی صولت مرزا کا ویڈیو بیان جاری ہونے کی تحقیقات کیلئے قائم کمیٹی ختم کردی گئی۔
پھانسی کے منتظر صولت مرزا کی وڈیو کیسے باہر آئی؟ شاید کبھی پتہ نہ چل پائے، محکمہ داخلہ بلوچستان نے تحقیقات ہی ختم کردیں، محکمہ داخلہ بلوچستان کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے گزشتہ روز صولت مرزا کے بلیک وارنٹ جاری کئے گئے، جب کسی سزائے موت کے قیدی کا بلیک وارنٹ جاری کردئیے جائیں تو اس طرح کی تحقیقاتی کمیٹی خود بخود تحلیل ہوجاتی ہے۔
محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ سینٹرل جیل مچھ میں پھانسی کے تمام تر اقدامات مکمل ہیں، صولت مرزا کو یکم اپریل کی صبح ساڑھے 5 بجے پھانسی دی جائے گی۔
سندھ کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے 24 مارچ کو سزائے موت کی تاریخ میں توسیع ختم ہونے کے بعد صولت مرزا کی پھانسی کے نئے بلیک وارنٹ جاری کئے۔
محکمہ داخلہ بلوچستان نے سینٹرل جیل مچھ سے صولت مرزا کے بیان کی ویڈیو جاری ہونے کیخلاف تحقیقات کیلئے آئی جی جیل خانہ جات بشیر احمد بنگلزئی کی سربراہی میں 5 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔ سماء