الیکشن کمیشن کا اجلاس، بیلٹ پیپرز کی بروقت چھپائی کی یقین دہانی
اسٹاف رپورٹ
اسلام آباد : بلدیاتی انتخابات کیلئے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کیلئے الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس ہوا، جس میں پرنٹنگ کارپوریشن اور دیگر اداروں نے 22 دن میں 33 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپنے کی یقین دہانی کروادی، 9 کروڑ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا حل ڈھونڈنے کیلئے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔
چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت ہنگامی بیٹھک لگی، سرکاری پرنٹنگ اداروں نے 22 دن میں 33 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپنے کی یقین دہانی کروادی، جس کے بعد سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی راہ ہموار ہونے لگی۔
الیکشن کمیشن کو سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیلئے 42 کروڑ سے زائد بیلٹ پیپرز درکار ہیں، 9 کروڑ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا حل ڈھونڈنے کیلئے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی، قائم مقام سیکریٹری شیر افگن کی سربراہی میں کمیٹی 5 روز میں سفارشات دے گی۔
شیر افگن نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ پرنٹنگ کارپوریشن بیلٹ پیپرز کی چھپائی کیلئے 40 نئی مشینیں لگائے گی، نجی پرنٹنگ پریس سے بیلٹ پیپرز کی چھپائی پرنٹنگ کارپوریشن کی ذمہ داری ہے۔
اجلاس میں پرنٹنگ کارپوریشن، سیکیورٹی پرنٹنگ پریس اور پوسٹل فاؤنڈیشن حکام نے شرکت کی۔ سماء