حج 2017، سعودیہ پہنچنے والے عازمین کی تعداد16لاکھ سے تجاوز
ریاض : حج سال 2017 کیلئے سعودیہ عرب پہنچنے والےعازمین حجاج کی تعداد16لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔
خلیجی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ کی جانب سے جاری اعداد اور شمار کے مطابق جمعہ کے روز کے اختتام تک دنیا بھر سے پندرہ لاکھ 84ہزار اور 269عازمین حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ کے مطابق یہ تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں 33فیصد زیادہ ہے، اس سال تین لاکھ 89ہزار 289 اضافی عازمین حجاز مقدس پہنچے ہیں۔
فضائی پروازوں سے 14لاکھ 83ہزار 522عازمین جبکہ 86ہزار 149 زمینی راستوں اور 14ہزار 598 عازمین بحری راستوں سے سعودی عرب پہنچیں ہیں۔
سعودی سرکاری ٹی وی کی جاری کردہ اطلاعات کے مطابق عازمین میں سے 8لاکھ 45ہزار 878 مدینہ منورہ پہنچے تھے، جب کہ ایک لاکھ دس ہزار عازمین کا تعلق براعظم افریقا کے غیر عرب ممالک سے ہے، اسی طرح بارہ سو اناسی عازمین خادم الحرمین الشریفین کے مہمان ہیں۔ سماء