چودہ سالہ لڑکے کا قتل، مرکزی ملزم مصطفیٰ کانجو گرفتار
ویب ایڈیٹر
لاہور : پولیس نے 14 سالہ لڑکے کے قتل کے مرکزی ملزم سابق وزیر مملکت صدیق کانجو کے بیٹے مصطفیٰ کانجو کو گرفتار کرلیا، ابتدائی تحقیقات کے مطابق لڑکے کی موت ایک ہی شخص کی فائرنگ سے ہوئی، مزید تفتیش جاری ہے۔
ایس پی کینٹ لاہور کے مطابق 14 سالہ زین کے قتل میں ملوث مصطفیٰ کانجو کو گرفتار کرلیا گیا، ان کا بیان ریکارڈ کیا جارہا ہے جس کے بعد حقائق سامنے آجائیں گے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دیگر 6 ملزمان کو پہلے ہی گرفتار کیا جاچکا ہے، عینی شاہدین کے بیانات کی روشنی میں تفتیش جاری ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے واقعے کا نوٹس لیکر ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز سے رپورٹ طلب کی تھی جس کے بعد پولیس نے سابق وزیر مملکت صدیق کانجو کے بیٹے مصطفیٰ کانجو سمیت 7 افراد کیخلاف زین کے قتل کا مقدمہ درج کیا تھا، جس میں قتل، اقدام قتل اور انسداد دہشتگردی کی دفعات شامل کی گئیں۔
پولیس نے مصطفیٰ کانجو کے فرار میں مدد پر ملزم کے 2 رشتہ داروں کو بھی حراست میں لیا تھا، جبکہ مصطفیٰ کے 4 گارڈز بھی پولیس حراست میں ہیں۔
ملزم مصطفیٰ کانجو گزشتہ رات کیولری گراؤنڈ کے علاقے میں گاڑی کی ٹکر ہونے پر دوسری کار میں سوار خاتون سے جھگڑ رہا تھا، زین نے بیچ بچاؤ کرانے کی کوشش کی تو ملزم نے گاڑی سے اسلحہ نکال کر فائرنگ کردی جس سے زین موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا تھا جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر ایک راہگیر بھی زخمی ہوا۔ سماء