یمن سے 300 پاکستانیوں کی وطن واپسی کی گھڑیاں قریب
اسٹاف رپورٹ
عدن : 300 سے زائد پاکستانيوں کی وطن واپسی کی گھڑياں قريب آگئيں، چينی بحريہ کا جہاز 180 سے زائد پاکستانيوں کو عدن کی بندرگاہ معلا سے لے کر جبوتی روانہ ہوگيا۔
شعلے اگلتے ہتھياروں کی بمباری اور گوليوں کی تڑتڑاہٹ، ہرطرف خوف کے سائے، چيخ و پکار، يمن کے شہروں عدن اور مکلا ميں پھنسے 300 سے زائد پاکستانيوں کی وطن واپسی کا سفر شروع ہوگيا۔
عدن کی بندرگاہ سے 180 سے زائد پاکستانيوں کو چينی بحريہ کا جہاز لے کر جبوتی روانہ ہوا، روانگی سے قبل ان کی خوشی ديدنی تھی، وطن واپسی کے سفر پر نکلنے والے سماء کی کاوشوں کا شکريہ ادا کرنا نہ بھولے۔
یمن میں موجود 150 کے قريب ہم وطنوں کو واپس لانے کیلئے پاکستانی فريگيٹ بھی المکلا میں لنگر انداز ہے، یمن کے دیگر شہروں میں بھی 2 ہزار کے قریب پاکستانی پھنسے ہیں، پی آئی اے کا طیارہ بھی آج پاکستانيوں کو واپس لانے کیلئے اڑان بھرے گا۔ سماء