سانحہ بلدیہ فیکٹری، مرکزی ملزم عبدالرحمان بھولا گرفتار
ویب ایڈیٹر
کراچی : سانحہ بلدیہ فیکٹری کے مرکزی ملزم عبدالرحمان بھولا کو دبئی فرار ہونے کی کوشش کے دوران ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق بلدیہ ٹاؤن فیکٹری میں آگ لگانے والے مرکزی ملزم عبدالرحمان عرف بھولا کو گرفتار کرلیا گیا، ملزم کراچی سے دبئی فرار ہونے کی کوشش کررہا تھا، حساس اداروں کی اطلاع پر پولیس نے ایئرپورٹ پر کارروائی کی۔ ذرائع کے مطابق ملزم عبدالرحمان بھولا کراچی ایئرپورٹ سے ای کے 607 کے ذریعے دبئی فرار ہونے کی کوشش کررہا تھا۔
واضح رہے کہ بلدیہ ٹاؤن فیکٹری میں آتشزدگی کے ملزم رضوان قریشی کے گرفتار ضمانتی جاوید شکیل نے تفتیش کے دوران اعتراف کیا تھا کہ فیکٹری جلانے کیلئے میٹنگ سیاسی جماعت کے دفتر میں ہوئی، بلدیہ ٹاؤن فیکٹری تک جانے کیلئے 2 گاڑیاں فراہم کی گئیں، جس میں ایک ہائی روف میں نیلے رنگ کے ڈرم کے ذریعے کیمیل لے جایا گیا۔
جاوید شکیل نے یہ بھی بتایا تھا کہ فیکٹری چوکیدار کو باندھ کر کمرے میں بند کیا، آگ لگنے کے بعد بلدیہ ٹاؤن فیکٹری کے خود کار دروازے بند ہوگئے تھے جس کے باعث زیادہ ہلاکتیں ہوئیں۔ کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں 2010ء میں گارمنٹ فیکٹری میں آگ لگنے سے ڈھائی سو سے زیادہ افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ سماء