عمران خان نےتحریک انصاف کی پارلیمنٹ میں واپسی کا اعلان کردیا
ویب ایڈیٹر :
اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پی ٹی آئی کی پارلیمنٹ میں واپسی کا اعلان کردیا، عمران خان کا کہنا تھا کہ اب ہم حقیقی اپوزیشن کی طرح اسمبیلیوں کے اندر اور باہر کردار ادا کریں گے۔
بنی گالہ کے باہر میڈیا سے گفت گو میں کپتان نے وہ خوش خبری سنا دی جس کا سب کو انتظار تھا، سفید کڑک دار شلوار قمیض میں ملبوس عمران خان جب میڈیا سے گفت گو کیلئے اپنی رہائش گاہ کے باہر آئے تو ہر ایک نظر ان کی جانب اٹھی، ہلکی مسکان ہونٹوں پر سجائے کپتان نے گفت گو کا آغاز حلقہ این اے 246 کی سلگتی صورت حال سے کیا، ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین اور ایم کیو ایم سے زبانی دو دو ہاتھ کرنے کے بعد کپتان نے اہم اعلان کیلئے لب کشائی کی۔
اسمبلیوں میں واپسی:
عمران خان نے واشگاف الفاظ میں اعلان کرتے ہوئے کہا کہ" اب پی ٹی آئی اسمبلیوں کے اندر اور باہر حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کرتی نظر آئی گی، میں واضح الفاظ میں کہتا ہوں کہ ہم کل سے پارلیمنٹ کے مشترکا اجلاس اور صوبائی اسمبلیوں کے اجلاس میں شرکت کریں گے"۔
یمن صورت حال :
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ کل سےہم اسمبلیوں میں جائیں گے اور مشترکا اجلاس میں یمن کی صورت حال پر پارٹی کا مکمل مؤقف پیش کریں گے، ہمیں تاریخ سے سبق سیکھناچاہیے، مکہ،مدینہ کیلئےہرمسلمان لڑنےمرنےکیلئےتیارہے، افغان جہادکاحصہ بنےتوکلاشنکوف،منشیات پاکستان آئی، کپتان نے کہا کہ یمن جنگ میں پڑنےکی مخالفت کریں گے، یمن کی صورتحال پرحکومتی مؤقف واضح نہیں۔
سابق ایس ایس پی نیکوکارا:
برطرف کیے جانے والے سابق ایس ایس پی نیکوکارا سے متعلق عمران خان نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نیکوکارا کا کیس خود لڑے گی، میں سابق ایس ایس پی نیکوکاراکوخراج تحسین پیش کرتاہوں، ایسےپولیس والوں کی پاکستان کوضرورت ہے، ہم نیکوکاراکوہم بحال کرائیں گے، انہوں نے ایک بار پھر سیاسی پنڈت بنتے ہوئے پیش گوئی کی کہ میراایمان ہے2015میں الیکشن ہوگا۔
حلقہ این اے 246:
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 سے متعلق سیاسی صورت حال پر کپتان نے باؤنسر مارتے ہوئے کہا کہ میرے کسی ایک کارکن پر بھی آنچ آئی تو مقدمہ لندن کی عدالت میں الطاف حسین کے خلاف کروں گا، عمران اسماعیل پر2دفعہ حملہ کرایا گیا، پی ٹی آئی کارکنان نےکوئی جوابی کارروائی نہیں کی، کارکن پرحملہ ہواتوسیدھالندن میں عدالت جائیں گے، لندن میں وکیلوں کی پوری ٹیم تیارکی ہے، کراچی آمد سے متعلق اپنے پلان کا ذکر کرتے ہوئے عمران نے کہا کہ عمران اسماعیل کوحوصلہ دینےکراچی جارہاہوں، عوام الطاف حسین کی حرکتیں جانتی ہے، میں خود کراچی جا کر صورت حال دیکھوں گا اور سیاسی مہم کا حصہ بنوں گا۔انہوٰں تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیوایم کےپاس جمہوری پارٹی بننےکاسنہری موقع ہے۔ سماء