وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سعودی عرب روانہ
اسلام آباد : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر سعودی عرب روانہ ہوگئے ہیں، وزیراعظم روضہ رسول ﷺ پر حاضری دینگے۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر سعودی عرب روانہ ہوگئے، سعودیہ آمد پر وزیراعظم خاقان سعودی قیادت سے ملاقات میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان مخالف بیان کے بعد کی صورت حال پر مشاورت کریں گے۔
وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی روضہ رسولﷺ پر حاضری دیں گے، جب کہ مدینہ منورہ میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات بھی کریں گے۔ اس ملاقات میں دو طرفہ باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سیکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے ہمراہ وزیر خارجہ خواجہ آصف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی سعودی عرب گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اعلیٰ سعودی قیادت کے علاوہ ممکنہ طور پر شاہ سلمان سے بھی ملاقاتیں کریں گے جن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان مخالف بیان کا جائزہ لیا جائے گا اور اس بیان کے بعد کی صورت حال پر مشاورت بھی کی جائے گی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیر اعظم کے اس دورے کا مقصد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان مخالف بیان پر دوست ممالک کو اعتماد میں لینا ہے۔ سماء