پی اے ٹی دھرنے کی تیاریاں مکمل،اسٹیج تیار، کنٹینر پہنچ گیا
لاہور : لاہور کے معروف مال روڈ پر پاکستان عوامی تحریک کے دھرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، جب کہ ڈاکٹر علامہ طاہر القادری کا کنٹینر بھی دھرنے کے مقام پر پہنچا دیا گیا ہے۔ ق لیگ کی جانب سے بھی دھرنے کی حمایت کی گئی ہے، جب کہ انتظامیہ کی جانب سے مال روڈ پر دفعہ 144 نافذ ہے۔ سماء کے مطابق لاہور کے مال روڈ استنبول چوک پر پاکستان عوامی تحریک کے دھرنے کی تیاریاں مکمل ہوگئیں، کرسیوں، پنکھوں، جنریٹر اور ساونڈ سسٹم سمیت دیگر سامان کے بعد اب ڈاکٹر طاہرالقادری کا خصوصی کنٹینر بھی پہنچا دیا گیا ہے۔شیخ رشید بھی دھرنے میں شرکت کے لیے لاہور پہنچ گئے،جب کہ ق لیگ نے بھی دھرنے کی حمایت کی ہے۔

پی اے ٹی کی جانب سے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے واقعہ پر انصاف نہ ملنے پر مال روڈ پر دھرنا دیا جائے گا۔ دھرنے کیلئے مال روڈ پر استبول چوک کے قریب پاکستان عوامی تحریک کا اسٹیج تیار کیا گیا ہے۔



پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان کے مطابق دھرنےمیں شرکت کیلئےخواتین کو دعوت دی گئی ہے جبکہ شیخ رشید کے علاوہ منظور وٹو، قمرزمان کائرہ، ثمینہ خالد گھرکی، ناہید خان اورڈاکٹر یاسمین راشد بھی دھرنے کا حصہ ہوں گے۔ طاہر القادری شام 7بجے خطاب کریں گے، دھرنا رات بھر جاری رہے گا اور اس کے خاتمے کا فیصلہ دوسرے دن کیا جائے گا۔ سماء