وزیراعظم کا ہنزہ، نگر، کھرمنگ، شگر کو اضلاع بنانے کا اعلان
ویب ایڈیٹر
گلگت : وزیراعظم نے ہنزہ، نگر، کھرمنگ، شگر کو اضلاع بنانے اور ہینزل پاور منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کردیا، گلگت بلتستان میں جلد یونیورسٹی بھی بنائی جائے گی۔ نواز شریف کہتے ہیں کنٹینر سیاست کرنے نہیں، تعمیری باتیں کرنے گلگت آیا ہوں، مخالفین گالیاں دیتے ہیں، میں نے جواب تک نہیں دیا، خدمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔
گلگت بلتستان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ماضی میں گلگت بلتستان کونسل کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا کرتا تھا، آئندہ گلگت میں ہوگا، گلگت بلتسان کے نوجوانوں کے روشن مستقبل کے بارے میں سوچتا ہوں، ہمیشہ قوم کے معماروں کی بہتری کیلئے کوششیں کیں، آج گلگت بلتستان میں 280 طلباء کو لیپ ٹاپ دیئے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں یہاں کنٹینر سیاست کرنے نہیں آیا، تعمیری باتیں کرنے آیا ہوں، مجھے گالیاں دی گئیں لیکن آج تک کسی کو گالی تو کیا جواب تک نہیں دیا، ہماری سیاست میں نوجوانوں اور قوم کی خدمت لکھی ہوئی ہے، زمینی فاصلوں کیساتھ دلوں کے فاصلے بھی کم کرنا چاہتے ہیں۔
وزیراعظم نے بتایا کہ خنجراب سے رائے کوٹ تک بہترین سڑک تعمیر ہوچکی جو اگلے مرحلے میں تھاکوٹ اور اسلام آباد تک جائے گی، اسکردو اور گلگت کیلئے نئے اے ٹی آر جہاز آچکے ہیں، گلگت بلتستان میں بہت جلد یونیورسٹی بھی بنائی جائے گی، 40 ارب روپے کی لاگت سے گلگت جگوٹ 175 کلو میٹر سڑک بھی جلد تعمیر کرینگے۔
ان کا کہنا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت سڑکیں بنارہے ہیں، خنجراب سے اسلام آباد تک ریلوے ٹریک بھی بچھایا جائے گا، وزیراعظم نواز شریف نے ہنزہ، نگر، کھرمنگ اور شگر کو اضلاع بنانے جبکہ ہینزل پاور منصوبہ جلد شروع کرنے کا اعلان کیا۔ سماء