فورسز پر خودکش حملہ، آرمی چیف کوئٹہ پہنچ گئے

کوئٹہ : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کوئٹہ پہنچ گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری رپورٹس کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کوئٹہ پہنچ گئے۔
ترجمان کے مطابق آرمی چیف کو گزشتہ روز کوئٹہ کے علاقے پشین بس اسٹاپ پر بم دھماکے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔ دورے کے دوران آرمی چیف زخمیوں کی عیادت کیلئے اسپتال بھی جائیں گے۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ آرمی چیف شہداء کے نماز جنازہ میں بھی شرکت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق کوئٹہ سمیت بلوچستان میں آپریشن ردالفساد کو مزید بڑے پیمانے پر شروع کرنے کا بھی فیصلہ آج کے اعلیٰ عسکری قیادت کے اجلاس میں متوقع ہے۔
واضح رہے کہ ہفتہ کی رات کوئٹہ کے علاقے پشین بس اسٹاپ پر فوجی ٹرک پر خودکش حملے میں 8 فوجی اہل کاروں سمیت پندرہ افراد شہید، جب کہ چالیس کے قریب زخمی ہوئے۔ کسی تنظیم کی جانب سے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔
حملے میں طریقہ روایتی مگر اس بار دہشت گردوں کی جانب سے حملے میں استعمال ہونے والا مٹیریل مختلف تھا، دہشت گردوں نے فوجی ٹرک کو نشانہ بنانے اور زیادہ سے زیادہ جانی نقصان کیلئے پہلی بار کیمیکل کا استعمال کیا، جس سے آگ شدت اور جلدی پھیلی۔ یہ کیمیکل عام بازار میں دریافت نہیں، تاہم اففانستان میں امریکی فوجیوں کی جانب سے عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن اور بھارت کی جانب سے کشمیریوں کے خلاف یہ کیمیکل استعمال کیا گیا ہے۔ سماء