مریدکے؛نوازشریف نےانقلاب کانعرہ لگادیا
مریدکے: سابق وزیراعظم نواز شریف کہتے ہیں کيا باپ بھي بيٹے سے تنخواہ ليتا ہے؟ اگر ليتا بھي ہے تو کيا حرج ہے؟ آپ نے ووٹ دے کر اسلام آباد بھيجااور چند لوگوں نے پرچي پھاڑ کر پکڑا دي ۔ ن لیگ کی ریلی کے دوران مريد کے ميں جذباتي خطاب کرتے ہوئے بولے کہ جو مذاق پاکستان ميں ہورہا ہے کسي اور ملک ميں نہيں ہورہا۔منتخب وزيراعظم کي تذليل کر کے باہر نکال ديا ۔ نواز شریف نے انقلاب کا نعرہ بھی لگا دیا۔
لاہور قريب آتے آتے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خطاب ميں جارحانہ پن بڑھنے لگا ۔ مریدکے پہنچنے پرکارکنوں سےجوشیلے خطاب میں بولے فيصلے سے ملک کي رسوائي اور بدنامي ہوئي جو منظور نہيں ۔ چند لوگ پاکستان کے مالک نہیں ہو سکتے۔ کبھی باپ نے بیٹے سے تنخواہ لی ہے؟ لے بھی لے تو کیا حرج ہے۔ آج مریدکے والوں سے پوچھتا ہوں ، کیا آپ کو یہ فیصلہ منظور ہے؟ اس ملک کو بدلنا ہو گا۔ آپ کے ووٹ کی پرچی پھاڑکر پھینک دی جاتی ہے، کیا یہ توہین آپ کو منظور ہے، میں دن رات آپ کی خدمت کر رہا تھا، بجلی پہلے سے بہتر ہوئی ہے یا نہیں؟ سڑکیں بن رہی تھیِ ، موٹر وے بن رہے تھے۔ بلوچستان کی ترقی ہو رہی تھی، سی پیک پاکستان میں بن رہا تھا، نوجوانوں کو روزگار ملنا شروع ہو گیا تھا۔ اگلے دو تین سالوں میں پاکستان سے بیروز گاری کا خاتمہ ہو جاتا۔ سب کو عزت کی روٹی مل رہی ہوتی۔
نوازشریف نے کہا کہ 70 سال سے پاکستان میں یہ مذاق ہو رہا ہے۔ خطے کے کسی اور ملک میں ایسا گھناؤنا مذاق نہیں ہوتا۔ اس کو بدلنا ہو گا۔ آپ کے ووٹ کا احترام اس ملک میں ہو گا جو میں کرواؤں گا اور مسلم لیگ ن کروائے گی۔ نواز شریف نے کارکنوں سے پوچھا کہ آپ کے وزیراعظم کی تذلیل کر کے اسے نکالنا کیا 20 کروڑ عوام کو منظور ہے؟ تو پھر بولیں، ملک میں انقلاب ہونا چاہیئے یا نہیں ہونا چاہیئے؟ کیا آپ انقلاب کیلئے تیار ہیں؟ فیصلہ دنیا میں پاکستان کی رسوائی اور بدنامی کا باعث بنا ہے۔ اس کی عزت پر آنچ آ رہی ہے، مجھے یہ منظور نہیں۔ ملک کو ترقی کی اونچائیوں پر لے جا رہے تھے۔ بجلی سستی ہو رہی تھی۔ کیا آپ کا جذبہ سلامت ہے؟ آپ کے بچے پاکستان میں عزت والی روزی کماتے ۔ میرا وعدہ ہے پاکستان ترقی کی بلندیوں پر جائے گا۔ مگر اس کے لیے انقلاب لانا ہے۔ اس انقلاب کے لیے میرا ساتھ دو گے؟ دل سے جواب مانگو، زبان سے نہ کہو، دل سے پوچھ کر بتاؤ نواز شریف کا ساتھ دو گے۔
اپنے خطاب میں سابق وزیراعظم نے کارکنوں کو اپنی وفاداری کا بھی بھرپور یقین دلایا۔ بولے کہ نوازشریف آپ کے قدم سے قدم ملا کر چلے گا، نواز شریف کبھی دھوکہ نہیں دے گا، ہمیشہ وفا کرے گا۔ مریدکے والوں ، یہ جذبہ واقعی انقلاب اور تبدیلی کا پیش خیمہ ہے،دنیا میں ہمارے ملک کی عزت و توقیر اوراحترام کا۔ یہ نہ ہوا تو دنیا میں کوئی ہمارا احترام نہیں کرے گا، بےعزتی منظور نہیں، یہ ایک خود دار قوم ہے۔ مجھے توقعات ہیں کہ مریدکے کے عوام حق اور سچائی کا ساتھ دیں گے۔ یہ سچے کھرے لوگ نواز شریف کے باوفا ساتھی اور نواز شریف ان کا باوفا ساتھی ہے۔
نواز شریف نے مزید کہا کہ وقت آنے والا ہے کہ فیصلہ ہو جائے گا ملک عوام کا ہے چند لوگوں کی جاگیر نہیں، وہ عوام کو ان کے حق سے محروم نہیں کر سکتے۔ ہر جگہ یہی جذبہ دیکھتا ہوا آرہاہوں،ایسا جذبہ پہلے کبھی نہیں دیکھا۔ وعدہ یاد رکھنا اور جوش کو ٹھنڈا نہ ہونے دینا،جب نواز شریف کا پیغام پہنچے تو ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر ساتھ دینا اور میرے قدم سے قدم ملا کر چلنا۔ اللہ آپ کا حامی و ناصر ہو۔