چھوٹے صوبوں کو بھی حصہ دیں، الطاف حسین
ویب ایڈیٹر:
کراچی: قائدایم کیوایم الطاف حسین نے کہاہے کہ چینی صدراوروفاق نے آج متعدد منصوبوں کی منظوری دی ہے جن کا تعلق صرف وسطی پنجاب سے ہے لیکن ہم چاہتے ہیں کہ لاہور کی طرح ملک کے دیگرصوبوں کے شہروں کو بھی ترقیاتی منصوبوں میں حصہ ملے ۔ ایم کیوایم چینی صدرکے دورے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے لیکن سوالات اٹھ رہے ہیں کہ چینی صدر کے استقبال کیلئےسندھ ،خیبرپختونخوا اوربلوچستان کے وزرائے اعلیٰ کو کیوں نظرانداز کیا گیا۔
جناح گراؤنڈ عزیزآباد میں میوزیکل پروگرام کے شرکاء سے ٹیلی فون پرخطاب کرتے ہوئےالطاف حسین نے کہاکہ ہماری کوشش اور خواہش ہے کہ پنجاب خوب ترقی کرےلیکن چھوٹے صوبوں کے عوام کی ترقی وخوشحالی فلاح وبہبود کو بھی مد نظر رکھیں ایسا کوئی کام نہ کریں جس سے چھوٹے صوبوں کی احساس محرومی میں اضافہ ہو اور قومی یکجہتی کو نقصان پہنچے۔
متحدہ کے قائد نے کہا کہ لاہور میں میٹروبس کے بعد میٹرو ٹرین کا منصوبہ بنالیاگیالیکن کراچی اور ملک کے دیگرشہروں کے عوام نے کیا قصور کیا ہے۔الطاف حسین نے ارباب اقتدار سے کہا کہ خدارا پاکستان کے مستقبل سے نہ کھیلیں،وسائل کی تقسیم اور ترقی کے معاملے میں چھوٹے صوبوں کو نظرانداز نہ کریں،پاکستان سب کا ہے،سب پاکستانی ہیں اورایک متحد پاکستان سب کے مفاد میں ہے۔انہوں نے کہا کہ جب پاکستان کے اتحاد، وفاق کی مضبوطی اورمتحدہ پاکستان کی بات کروں تومیری باتوں کوعصبیت، تعصب اورلسانیت کانام جاتاہے،مجھے غدارکہیں یاباغی، جوکہناہے کہیں جب تک سانس باقی ہے سچ کہتارہوں گا۔
الطاف حسین نے کہا کہ دیگر تینوں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اورآصف زرداری بھی اپنے حقوق کے لئے آواز اٹھائیں ،یہ پاکستان ہم سب کاہے اورہم سب کا پاکستان پر برابرکاحق ہے ۔ سماء