وزیراعظم خاقان کی زیر صدارت کابینہ کا پہلا اجلاس
اسلام آباد : نئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی وفاقی کابینہ کا پہلا اجلاس وزیراعظم آفس اسلام آباد میں ہوا، اجلاس میں وزیراعظم نے کابینہ اراکین کو متعلقہ وزارتوں کے کاموں میں تیزی لانے اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
سماء کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت نئی تشکیل شدہ وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم آفس اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس کے آغاز میں وزیراعظم نے نئی کابینہ ارکان کو مبارکبا، جب کہ انہیں اپنی وزارتوں میں بھرپور انداز میں کام کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
کابینہ کے پہلے اجلاس میں مختلف وزارتوں اور متعلقہ اداروں میں جاری ترقیاتی منصوبوں بالخصوص توانائی کے منصوبوں کی گزشتہ چار سالہ کارکردگی کا جائزہ اور ان کی بروقت تکمیل کے ایجنڈا کو حتمی شکل دی گئی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کابینہ ارکان اپنے اپنے محکموں کی کارکردگی کا ہفتہ وار جائزہ لیں اور اس حوالے سے وزیراعظم آفس کو بھی آگاہ رکھیں، وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مختلف ملکوں کے ساتھ تعاون کی یاداشتوں کی منظوری دی گئی۔ سماء