نئے وزیراعظم خاقان کی نئی کابینہ آج حلف اٹھائے گی
اسلام آباد: نو منتخب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی نئی کابینہ آج حلف اٹھائے گی، کابینہ اراکین سے صدر مملکت ممنون حسین حلف لیں گے۔
وزیراعظم ہاؤس کے مطابق نئی وفاقی کابینہ جمعہ کی صبح نو بجے حلف اٹھائے گی، چوہدری نثار کی معذرت کے بعد احسن اقبال نئے وزیر داخلہ ہوں گے۔ وزارت خارجہ کا منصب 4 سال خالی رہنے کے بعد خواجہ آصف کے حوالے کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی نئی میں وفاقی کابینہ میں خرم دستگیر وزارت دفاع سنبھالیں گے، اسحاق ڈار ایک بار پھر وزیر خزانہ ہوں گے۔
مریم اورنگزیب کو وزیر مملکت برائے اطلاعات کا قلمدان دینے کا فیصلہ، سردار محمد یوسف بدستور وفاقی وزیر مذہبی امور ہی رہیں گے، پاناما کیس میں دفاع کرنے والے دانیال عزیز اور طلال چوہدری کے ساتھ ساتھ سینیٹر مشاہد اللہ بھی کابینہ میں شامل ہوں گے۔ا نوشہ رحمان وزیر مملکت آئی ٹی ٹیلی کام، سائرہ افضل تارڑ وزیر مملکت نیشنل ہیلتھ سروسز ہوں گی۔
اس سے قبل گزشتہ روز وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف،وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور دیگر رہنماؤں کے مشاورتی اجلاس میں وفاقی کابینہ کے ناموں کو حتمی شکل دی گئی۔ سماء