مختلف شہروں میں موسلادھار بارش،2افراد جاں بحق،4زخمی
اسلام آباد : ملک کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش کا زور جاری ہے، جہاں چھت گرنے سے لڑکی جاں بحق تو دیگر حادثات میں چار افراد زخمی ہوگئے۔ مون سون کے موسم میں ابر کرم کہیں رحمت تو کہیں زخمت بن کر برسی، رات گئے شروع ہونے والے بارش کے سلسلے نے اسلام آباد، راول پنڈي، لاہور اور گرد و نواح میں تو موسم سہانا کردیا، تاہم کئی شہروں میں یہ برستا ميگھا مشکلات کا سبب بن گیا۔
جہلم ميں مسلسل برستی بارش سے خستہ حال گھر کي چھت گر گئي، حادثے میں لڑکي جاں بحق، جب کہ چار افراد زخمي ہوئے۔ اٹک اور گرد و نواح ميں بھي بادل خوب جم کر برس پڑے، جس نے حبس کا زور توڑ ڈالا۔
دیگر شہروں میں بھی مون سون کي بارشوں کا سلسلہ جاري ہے، چارسدہ کی تحصیل شبقدر میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا، تعمیراتی کام اور ناقص نکاس اب کے باعث بارش کا پانی کئی کئی فٹ شاہراہوں پر جمع ہوگیا۔
غیر مناسب انتظامات کے باعث جمع ہونے والا پانی دکانوں میں پانی داخل ہونے سے سامان خراب ہوگیا، جس پر متاثرین نے حکومت سے امداد اور حفاظتی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

بہتی بوندیں جب زور کی برسیں تو سیلابی ریلے کی شکل اختیار کرگئی، جس کے باعث گاڑی ریلے میں بہنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ بعد ازاں ریسکیو ٹیموں کی مدد سے گاڑی میں سوار شخص کی لاش کو برساتی نالے سے نکال لیا گیا۔


