نامزد عبوری وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات
اسلام آباد : مولانا فضل الرحمان سے شاہد خاقان عباسی کی قیادت میں ن لیگی وفد نے ملاقات کی، نامزد عبوری وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کہتے ہیں پاکستانی عوام نے عدالتی فیصلے کو قبول نہیں کیا، کسی ریفرنس سے نہیں ڈرتا۔ جے یو آئی سربراہ بولے کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنا سیاستدانوں کی ذمہ داری ہے، ہمارا مؤقف ملک کی ترقی ہے۔
مسلم لیگ ن نے عبوری وزیراعظم کے انتخاب اتحادیوں سے رابطوں کا آغاز کردیا، مولانا فضل الرحمان سے ملاقات لیگی وفد نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، نامزد عبوری وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان بولے کہ ملک کو بحران سے نکالنا سیاستدانوں کی ذمہ داری ہے، ہمیں پیچھے دیکھنے کی بجائے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، ہمارا مؤقف ملک کی ترقی ہے، ترقی کا سفر جاری رہنا چاہئے۔
ن لیگ کے نامزد وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کہتے ہیں پاکستانی عوام نے عدالت کے فیصلے کو قبول نہیں کیا، میں کسی ریفرنس سے نہیں ڈرتا، جسے میرے خلاف ریفرنس دائر کرنا ہے کرے۔
انہوں نے کہا کہ میں امیدوار ہوں، ہر ووٹر کے پاس جانا میرا فرض ہے، ہم تمام حریف جماعتوں سے ضرور رابطہ کریں گے، چوہدری نثار پارٹی کے اہم رکن تھے، ہیں اور رہیں گے۔ سماء