سب کے احتساب تک جمہوریت اور سیاست ٹھیک نہیں ہوسکتی، سراج الحق
اسلام آباد : امیر جماعت اسلامی نے آج یوم تشکر اور کل یوم عزم منانے کا اعلان کردیا، سراج الحق کہتے ہیں کہ جمہوریت پر 35 سالہ قبضے کا خاتمہ ہوگیا، پاناما پیپرز میں آئے تمام افراد کے احتساب تک جمہوریت ٹھیک نہیں ہوسکتی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق بولے کہ جمہوریت پر 35 سالہ قبضے کا خاتمہ ہوگیا، قوم جان لے! یہ منزل نہیں ہے، پاناما میں موجود 436 لٹیرے اور ڈاکوؤں کا احتساب چاہتے ہیں، قوم کو دھوکا نہیں دینا چاہئے، نواز شریف کو سپریم کورٹ نے نہیں اللہ تعالیٰ نے پکڑا۔
امیر جماعت اسلامی نے آج یوم تشکر اور کل یوم عزم منانے کا اعلان کیا، بولے کہ سب کے احتساب تک جمہوریت اور سیاست ٹھیک نہیں ہوسکتی، نواز شریف نے منصب کو ذاتی مفاد کیلئے استعمال کیا، مانتا ہوں کہ دشمن سی پیک کیخلاف ہیں، بھارت سی پیک کو ناکام بنانا چاہتا ہے، مگر سپریم کورٹ کے ججز بھارتی نہیں، سب پاکستانی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کلبھوشن بھیجتا ہے ہمارا وزیراعظم آم بھیجتا ہے، پاکستان میں تمام سیاسی جماعتیں سی پیک کے ساتھ ہیں، ہماری لڑائی ن لیگ کیخلاف نہیں، کرپشن کیخلاف ہے، یورپ کے قوانین میں بھی لیڈر کیلئے صادق و امین ہونا لازمی ہے، آئین کو ختم کرنے کے بجائے اپنے عمل کو ٹھیک کیا جائے۔ سماء