وزیراعظم نااہل ہوئےتوالیکشن کمیشن کیا کرے گا؟
اسلام آباد: پاناما کیس کے فیصلے میں اگر سپریم کورٹ کی جانب سےوزیراعظم نواز شریف اگر نااہل ہو جاتے ہیں تو صدر مملکت الیکشن کمیشن کو نئے وزیراعظم کے چناؤ کیلئے انتخاب کرانے کی ہدایت دے گا۔ الیکشن کمیشن انتخاب کا شیڈول جاری کرے گا۔ پولنگ کیلئے قومی اسمبلی کا خصوصی اجلاس بلایا جائے گا۔ ایک سے زائد امیدوار ہونے کی صورت میں اراکین اپنے اپنے امیدوار کے حق میں ووٹ ڈاليں گے جہاں قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کا عملہ ارکان کے ناموں کا اندراج کرے گا۔
ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد گنتی کی جائے گی جس کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے امیدوار کا نام اور حاصل کردہ ووٹوں کی تعداد کا اعلان کیا جائے گا۔
جورکن سب سے زیادہ ووٹ لے گا وہی قائد ایوان اور ملک کا وزیراعظم کہلائے گا۔ واضح رہے کہ تين سو بياليس کے ایوان میں قائد ایوان بننے کے لئے ايک سو بہتر ارکان کی حمایت ضروری ہے۔
اگرکوئی بھی رکن ايک سو بہتر ووٹ نہ لے سکا تو پہلے اور دوسرے نمبر پر آنے والوں کے درمیان دوبارہ اوپن ووٹنگ ہوگی۔ ان میں سے جیتنے والا وزیراعظم ہوگا۔ اگر پھر بھی دونوں امیدواروں کے ووٹ تعداد میں یکساں ہوں تو ایسی صورت میں اسپیکر قومی اسمبلی کا ووٹ فیصلہ کن کردار ادا کرے گا۔ سماء