پپو پانچوں پرچوں میں فیل ہوگا، شیخ رشید کی پیشگوئی
اسلام آباد : پاناما کیس کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے شیخ السیاست نے بڑی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا فیصلہ تاریخ بدلے گا، پپو پانچوں پرچوں میں فیل ہوگا، شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ حدیبیہ ملز پر سپریم کورٹ ریفرنس بھیج سکتی ہے، اگر ایسا ہوا تو یہ پاناما سے بھی بڑا فیصلہ ہوگا۔
سپریم کورٹ آف پاکستان میں پاناما کیس کے فیصلے سے قبل اپنے ردعمل اور تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے سماء سے خصوصی گفت گو میں کئی پیش گوئیاں کر ڈالیں، شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاناما کیس کا فیصلہ دوسرے لوگوں کیلئے بھی ایک وارننگ ہوگی، کرپشن اس ملک کو کھا گئی ہے، حدیبیہ ملز کے کیس میں اگر سپریم کورٹ نے ریفرنس دینے کی اجازت دے دی تو یہ پاکستان کی تاریخ کا پاناما کیس سے بھی بڑا فیصلہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاناما فیصلے کے بعد سیاست پھر نیا رخ اختیار کرے گی، فیصلے کے بعد پاکستان بہتری کی جانب جائے گا، پاکستان کے ادارے مضبوط ہیں۔
چوہدری نثار کے جملے پر اپنے تاثرات کے اظہار میں شیخ رشید نے کہا کہ میں تو اپنی ٹرین خود چلا رہا ہوں، اتنے سالوں میں چوہدری نثار علی خان کو سمجھ نہیں آیا، اس دفعہ فیصلہ پانچوں ججز کی جانب سے آئے گا، اس دفعہ فیصلہ آرٹیکل 62 اور 63 کا ہے،چالیس فیصد فیصلہ پہلے آچکا ہے، اب ساٹھ فیصد فیصلہ بھی بہتری کا ہی آئے گا۔

